رمضان سے قبل گراں فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

رمضان سے قبل گراں فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

کمشنر کی ہدایت پرنئی پرائس لسٹ جاری، ڈی سی اوراے سی کو کارروائی کا حکمرعایتی قیمت پر اشیا کی دستیابی کیلئے رمضان پیکیج تیار کیا جائیگا، سید حسن نقوی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)رمضان المبارک شروع ہونے سے قبل گراں فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ۔کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیرِ صدارت رمضان پیکیج کی تیاری اور پرائس کنٹرول اقدامات پر اجلاس ہوا جس میں گراں فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔سید حسن نقوی نے کہا کہ مناسب اور رعایتی قیمت پر اشیا کی دستیابی کیلئے رمضان پیکیج تیار کیا جائے گا۔اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ رمضان سے قبل تمام اشیا کی قیمتوں کی فہرستیں جاری کر دی جائیں گی۔کمشنر نے کہا کہ ناجائز منافع خوروں کے خلاف ضلعی انتظامیہ کی خصوصی مہم شروع کی جائے گی، ڈپٹی کمشنرز کارروائی کی نگرانی کریں اور اسسٹنٹ کمشنرز کو پابند کریں۔سید حسن نقوی نے حکم دیا کہ ڈی سی اور اے سی ہر روز کارروائی کر کے آگاہ کریں۔واضح رہے کہ رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی روز مرہ کی اشیا کی قیمتیں اچانک قابو سے باہر ہوگئی ہیں۔ سبزی، پھلوں اور اجناس کی قیمتوں میں حالیہ چند روز میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ۔ تیل، گھی، بیسن، ٹماٹر، آلو، روٹی، انڈے ، کیلا، سیب سمیت دیگر اشیا مہنگی ہوگئی ہیں۔ 4 دن میں ٹماٹر 40 روپے فی کلو مہنگا ہوگیا اور اب 80 کے بجائے 120 روپے فی کلو فروخت کیا جا رہا ہے جبکہ آلو کی فی کلو قیمت بھی 40 سے بڑھ کر 50 روپے فی کلو ہوگئی۔بیسن کی فی کلو قیمت 350 روپے کر دی گئی۔ کوکنگ آئل اور گھی بھی 20 روپے کلو مہنگا ہوگیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں