اسکولوں کو طلبا کے حوالے سے اہم احکامات جاری
سالانہ امتحانات کے بعد طلبہ سے مفت درسی کتب واپس لی جائیںجمع ہونے والی تمام کتب کو اسکول بُک بینک میں محفوظ کیا جائے گا
کراچی (آئی این پی) صوبے بھر کے سرکاری اسکولوں میں اہم احکامات جاری کر دیے گئے ہیں ، احکامات میں کہا گیا ہے کہ سالانہ امتحانات کے بعد طلبہ سے مفت فراہم کردہ درسی کتب لازمی واپس لی جائیں۔وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ کی خصوصی ہدایت پر محکمہ اسکول ایجوکیشن نے صوبے بھر کے سرکاری اسکولوں میں قائم ’بُک بینک‘ کے حوالے سے اہم احکامات جاری کر دیے ہیں۔محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ ہدایات میں کہا گیا کہ پرائمری سے لے کر ہائیر سیکنڈری تک کے تمام طلبہ سالانہ امتحانات کے بعد مفت فراہم کردہ درسی کتب واپس کرنے کے پابند ہوں گے ۔محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ طلبہ کے رزلٹ کارڈ پر درسی کتب کی واپسی کا باقاعدہ اندراج کیا جائے گا تاکہ واپسی کے عمل کو یقینی بنایا جا سکے ۔اسکولوں میں جمع ہونے والی تمام کتب کو ’اسکول بُک بینک‘ میں محفوظ کیا جائے گا تاکہ ضرورت مند طلبہ ان سے استفادہ کر سکیں۔وزیر تعلیم نے ڈیٹا کی شفافیت کے لیے افسران کو درج ذیل ذمہ داریاں سونپتے ہوئے کہا اپنے اضلاع کے بُک بینک اسٹاک کی اپ ڈیٹ تفصیلات مرتب کریں اور ریکارڈ ریجنل ڈائریکٹرز کو جمع کرائیں۔اضلاع سے موصول ہونے والا تمام ڈیٹا اکٹھا کر کے محکمہ تعلیم کو مجموعی رپورٹ فراہم کرنے کے پابند ہوں گے ۔