صدر کی اہم شاہراہوں پر نو پارکنگ منصوبہ، تاجروں پریشان

صدر کی اہم شاہراہوں پر نو پارکنگ منصوبہ، تاجروں پریشان

الیکٹرانکس مارکیٹ متاثر ہونیکا خدشہ، متبادل پارکنگ،مخصوص اوقات کی تجویزٹھیلوں کے باعث دکانداروں پر 50ہزار روپے جرمانہ زیادتی ہے ،رضوان عرفان

کراچی(بزنس رپورٹر)سندھ حکومت کی جانب سے صدر میں عبداللہ ہارون روڈ اور زیب النساء اسٹریٹ کو نو پارکنگ زون قرار دینے کے مجوزہ پائلٹ منصوبے نے تاجروں کو مخمصے میں مبتلا کر دیا ۔اس سلسلے میں آل کراچی الیکٹرانک ڈیلرز ایسوسی ایشن اور ڈپٹی کمشنر ساؤتھ کے درمیان ہونے والی ملاقات میں منصوبے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا تاہم تاجر برادری نے اس تجویز پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ۔آل کراچی الیکٹرانک ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر رضوان عرفان کا کہنا ہے کہ اگر ان اہم شاہراہوں کو نو پارکنگ زون بنا دیا گیا تو کاروباری سرگرمیاں شدیدمتاثر ہوں گی۔

انکے مطابق صدر کا یہ علاقہ الیکٹرانکس کی خریداری کا بڑا مرکز ہے ،پارکنگ کی مکمل پابندی سے گاہکوں کی آمد میں واضح کمی آسکتی ہے ۔رضوان عرفان نے بتایا کہ تاجر برادری حکومت سندھ کو اس حوالے سے متبادل تجاویز بھی پیش کر چکی ہے جن میں مخصوص اوقات میں پارکنگ کی اجازت یا قریبی متبادل پارکنگ سہولتوں کی فراہمی شامل ہے ۔ انتظامیہ کو چاہیے کہ فیصلے کرنے سے پہلے اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے اور زمینی حقائق کو مدنظر رکھے ۔ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن نو پارکنگ زون کے معاملے پر حکومت سندھ کی اعلیٰ قیادت اور دیگر متعلقہ اداروں سے رابطہ کرے گی۔صدر الیکٹرانک ڈیلرز نے ایک اور اہم نکتہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ دکانوں کے سامنے قائم ٹھیلوں کی وجہ سے اگر دکانداروں پر پچاس ہزار روپے تک جرمانے عائد کیے جاتے ہیں تو یہ سراسر زیادتی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں