ایپسٹین فائلز سے مغربی درندگی بے نقاب ،راشدنسیم
مغربی معاشروں کے انسانی حقوق کے دعووں پر سنجیدہ سوالات اٹھنے لگے ہیںرمضان المبارک نفس کی اصلاح اور خیر و بھلائی کو فروغ دینے کا سنہری دیتا ہے
کراچی (اسٹاف رپورٹر) مرکزی رہنما جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ ایپسٹین فائلز نے چوہے بلیوں کے حقوق کے دعویدار مغربی دنیا کی درندگی کو بے نقاب کردیا ہے ،کم سن بچیوں کے استحصال کے انکشافات مغربی دنیا میں موجود تضاد کو نمایاں کرتے ہیں۔جہاں ایک طرف جانوروں کے حقوق، آزادی اظہار اور انسانی وقار کے تحفظ کے بلند دعوے کیے جاتے ہیں، تو دوسری جانب بااثر حلقوں میں کمزور اور کم سن افراد کے استحصال جیسے سنگین جرائم کے الزامات سامنے آتے ہیں۔انسانوں کو ہارورڈ ،آکسفورڈ، لندن اسکول آف اکنامکس نہیں بلکہ الہامی تربیت کی چیز چاہیے جو انسانوں کو انسان بناسکتی ہے ۔ اس میں سرفہرست مقام روزے کا ہے جوتقویٰ جیسی صفت پیدا کرکے انسانیت کو انسانیت کی معراج کی طرف لے جاتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے تحت اطہرمسجد ڈائمنڈسٹی علاقہ احسن آباد میں منعقدہ استقبال رمضان کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہاکہ اللہ تعالیٰ کی رضا کی خاطر بھوکا اور پیاسا رہنے میں جو روحانی سکون اور قلبی راحت نصیب ہوتی ہے ، وہ کسی اور عبادت میں میسر نہیں آتی۔ رمضان المبارک انسان کے باطن کو سنوارنے ، نفس کی اصلاح کرنے اور معاشرے میں خیر و بھلائی کو فروغ دینے کا سنہری موقع فراہم کرتا ہے ۔ یہ مہینہ جنت اور خوشیوں کی خوشخبری لے کر آتا ہے ۔ جو شخص اخلاص کے ساتھ روزے رکھتا اور قرآن سے اپنا تعلق مضبوط کرتا ہے ، اس کے لیے مغفرت اور رحمت کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں۔