بھتہ خوروں اور ٹارگٹ کلر زکے خلاف مشترکہ آپریشن
نارتھ کراچی میں جوابی فائرنگ کے نتیجے میں زخمیوں سمیت 3ملزمان گرفتار
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان رینجرز (سندھ) اور ایس آئی یو پولیس کی جانب سے خفیہ معلومات کی بنیاد پر نارتھ کراچی محمد علی شاہ قبرستان کے قریب بھتہ خوروں اور ٹارگٹ کلر زکے خلاف مشترکہ آپریشن کیا گیا۔آپریشن کے دوران ملزمان کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی۔جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 3 ملزمان محمد کامران عرف کمو اور محمد ناصر عرف نلی کو زخمی حالت میں جبکہ مدثر عرف قادری عرف ملا کو گرفتار کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق گرفتار ملزمان محمد کامران عرف کمو اور محمد ناصر عرف نلی ماضی میں ٹارگٹ کلنگ میں ملوث رہے ہیں۔ ملزمان نے 26جنوری 2026کو سرجانی ٹاؤن کے ایک رہائشی کو بھتے کی پرچی اور 9ایم ایم پسٹل کی گولی بھجوائی۔
بعدازاں ملزمان متاثرہ شخص کو بھتہ نہ دینے کی صورت میں دھکمی آمیز فون کالزبھی کرتے رہے ۔ گرفتار ملزمان نیو کراچی میں نجی بلڈرز، لوکل دکاندار وں اور دیگر کاروباری افراد سے بھتہ وصول کرنے کے علاوہ ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں بھی ملوث ہیں۔ گرفتار ملزم مدثر عرف قادری عرف ملا رانچھور لین میں نجی بلڈرزاورلوکل مارکیٹوں سے بھتہ وصول کرنے میں ملوث ہے ۔ گر فتار ملزمان محمد کامران عرف کمو اور محمد ناصر عرف نلی عادی مجرم ہیں اور اس سے پہلے بھی گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں۔