سندھ بلڈٹرانسفیوژن اتھارٹی کاکل سے خون کے عطیات کی مہم کا اعلان
کراچی(این این آئی)ماہ رمضان کے دوران خون کے عطیات کی قلت پر قابو پانے کے سندھ بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی پیر (کل) سے خون کے رضاکارانہ عطیات کے لیے پہلی بار میگا بلڈ ڈونیشن ڈرائیو شروع کررہی ہے۔۔۔
سندھ بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی کی سیکریٹری ڈاکٹر در ناز جمال نے کہا ہے کہ یہ محکمہ صحت سندھ کے تحت اپنی نوعیت کی پہلی مہم ہے ، یہ بات انہوں نے ہفتے کو کراچی پریس کلب میں کانفرنس کے دوران بتائی۔ ڈاکٹر در ناز جمال نے کہا کہ رمضان المبارک میں خون کے عطیات دینے کے رجحان میں شدید کمی ہوجاتی ہے جس کی وجہ سے تھیلے سیمیا کے بچوں کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہوجاتے ہیں، رمضان سے قبل میگا بلڈ ڈونیشن ڈرائیو کا مقصد رمضان میں ہونے والی خون کی قلت پر قابو پانا ہے ، ان کا کہنا تھا کہ ماہ رمضان میں تھیلے سیمیا کے بچوں کو خون کی قلت کا سامنا ہونے سے بچے کے اہل خانہ شدید متاثر ہوتے ہیں اور روزے کی حالت میں خون کے لیے دربدر کی ٹھوکرے کھاتے ہیں، اس لیے رمضان سے قبل یہ مہم منعقد کی جارہی ہے ۔