رفاہی پلاٹ پرشادی ہال ،ایس بی سی اے کی اپیلیٹ کمیٹی کا فیصلہ جاری
کراچی(این این آئی)پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور کی جانب سے کاٹھیاواڑ ہاؤسنگ سوسائٹی کے رفاہی پلاٹ پرشادی ہال کی غیر قانونی تعمیر اور تجارتی استعمال کے خلاف دائر آئینی درخواست پرایس بی سی اے اپیلیٹ کمیٹی نے۔۔۔
فیصلہ جاری کردیا۔ ایس بی سی اے اپلیٹ کمیٹی نے اپنے جاری کردہ احکامات میں ہدایت کی کہ متعلقہ گزیٹڈ افسرکو فیلڈ اسٹاف کے ہمراہ فوری طور پر سائٹ کا معائنہ کرے ،کسی بھی قسم کی خلاف ورزی اور منظور شدہ نقشے کے خلاف پانے پر بغیر کسی منظوری کے بلا تاخیر فوری اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس یوسف علی سعید اور جسٹس عبدالمبین لاکھو پر مشتمل دو رکنی بینچ نے پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کے دوران سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی جانب سے معاملے کے حل کی یقین دہانی کرانے پر 30 دن کے اندر کارروائی مکمل کرنے کے احکامات صادر کرتے ہوئے کیس نمٹا دیا تھا۔ پاسبان کی درخواست کی پیروی خرم لاکھانی ایڈووکیٹ کررہے تھے ۔