میئر کیخلاف تحریک عدم اعتماد، جماعت اسلامی کی مہم تیز
پی پی کے اپنے ارکان بھی مرتضیٰ وہاب سے پریشان ،سیف الدین ایڈووکیٹ
کراچی(سٹی ڈیسک)بلدیہ عظمیٰ کراچی میں اپوزیشن لیڈر سیف الدین ایڈووکیٹ نے جمعہ کو پریس کانفرنس میں میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے مرحلہ کو جلد مکمل کرنے کا اعلان کردیا اور کہا کہ اس سلسلے میں جماعت اسلامی نے اپنے اراکین سے دستخط لینے کا عمل تیز کر دیا ہے جبکہ دیگر سیاسی جماعتوں سے بھی رابطے جاری ہیں جن کا ردعمل انتہائی مثبت ہے ۔پیپلزپارٹی کے ارکان خود مرتضی وہاب سے پریشان ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ میئر کی موجودگی میں کراچی کی بہتری ممکن نہیں۔ شہر کی تباہی کے ذمہ دار مرتضیٰ وہاب ہیں،عوام ان کے جانے کے لیے دعائیں کر رہے ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ تحریک عدم اعتماد پر خفیہ رائے دہی کروائی جائے۔
سیف الدین ایڈووکیٹ نے کہا کہ گل پلازہ میں آگ لگنے کے سانحے نے انتظامیہ کی قلعی کھول دی ہے ۔ سول ڈیفنس کہیں نظر نہیں آیا اور ریسکیو اداروں کو کام کرنا ہی نہیں آتا،خوفناک آگ اور قیمتی انسانی و مالی ضیاع کے اس افسوسناک واقعے پر کمشنرکی رپورٹ تھرڈ کلاس ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈھائی ماہ قبل بچے کے گٹر میں گرنے کے واقعے کی کوئی تحقیقات نہیں ہوئیں،آئے دن بلدیہ عظمی کراچی پر ایف آئی اے ، نیب اور اینٹی کرپشن کے چھاپے کرپشن کا حد سے بڑھ جانا ثابت کررہے ہیں، صرف میئر ہی نہیں بلکہ پوری حکومت سندھ کا جانا شہر کی بقا کیلئے ضروری ہوچکا ہے۔