جرائم میں کمی سندھ پولیس کی کامیابی ، وزیرِ اعلیٰ
امید ہے پولیس ایسے ہی بہادری سے کچے کے ڈاکوؤں کا خاتمہ کرے گیہم دہشتگردی سے چھٹکارہ حاصل کر چکے ہیں،پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ جرائم میں کمی اور امن و امان کی بہتری سندھ پولیس کی کامیابی ہے ، حکومت سندھ پولیس کی بہتری اور فلاح کے لیے اقدامات کر رہی ہے ۔کراچی میں شاہد حیات پولیس ٹریننگ کالج سعیدآباد میں پولیس کے ریکروٹ ٹریننگ کورس کی 131ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ میں وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے ۔انسپکٹر جنرل سندھ اور دیگر اعلیٰ پولیس حکام نے وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا استقبال کیا۔ آئی جی پولیس جاوید عالم اڈھو نے مہمانِ خصوصی کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔پولیس کے 889 اہلکاروں نے ریکروٹ ٹریننگ کورس مکمل کیا ہے ، وزیرِ اعلیٰ سندھ نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے اہلکاروں میں انعامات تقسیم کیے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ پولیس سے عوام کو بڑی توقعات ہیں، موجودہ حالات میں دہشت گردی اور جرائم کے خلاف سندھ پولیس نے بھرپور کارروائیاں کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت پولیس کی بہتری اور حوصلہ افزائی کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اُمید کرتا ہوں کہ سندھ پولیس ایسے ہی بہادری سے کام کرتے ہوئے کچے کے ڈاکوؤں کا خاتمہ کرے گی،ہم دہشت گردی سے چھٹکارہ حاصل کر چکے ہیں، بلوچستان اور خیبر پختون خوا میں دہشت گردی کے واقعات ہو رہے ہیں۔