ابراہیم حیدری میں پارک کا افتتاح ،روڈ کا سنگ بنیاد

ابراہیم حیدری میں پارک کا افتتاح ،روڈ کا سنگ بنیاد

ماضی میں یہ علاقہ ویران اور بنجر تھا ، اب بس ٹرمینل قائم کیے جا چکے ہیں،میئر بھینس کالونی فلائی اوور کی افتتاحی تقریب بھی جلد متوقع ہے ، مرتضیٰ وہاب

کراچی (این این آئی) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ابراہیم حیدری میں فیملی پارک کا افتتاح اور مہرالنسا اسپتال روڈ ابراہیم حیدری بذریعہ کورنگی کے تعمیراتی منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھ دیا، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی میں یہ علاقہ ویران اور بنجر تھا لیکن اب یہاں بس ٹرمینل اور پبلک پارک قائم کیے جا چکے ہیں تاکہ عوام کو بہتر سفری اور تفریحی سہولیات فراہم کی جا سکیں، کورنگی کازوے کی سڑک کی بحالی اور شاہراہ بھٹو کی تعمیر جیسے منصوبے بھی اسی تسلسل کا حصہ ہیں، جو قائدآباد تک پہنچ چکے ہیں جبکہ آئندہ چند ماہ میں کاٹھور تک مزید پیش رفت کی توقع ہے ، آئندہ چند روز میں اس کو عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔

صوبائی حکومت ترقیاتی کاموں کو تیزی سے مکمل کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے ، بھینس کالونی فلائی اوور کی افتتاحی تقریب بھی جلد متوقع ہے ، سو ورکنگ دنوں میں پل کی تکمیل کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ، یہ سال ترقیاتی کاموں کی تکمیل کا سال ہے ، رواں سال شہر میں ترقیاتی منصوبوں پر تقریباً 46 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے ، اس کے علاوہ مزید ترقیاتی کاموں کے لیے حکومت سندھ نے فنڈز مختص کئے ہیں، کراچی کے ساتوں اضلاع میں 25 نئی سڑکیں تعمیر ہوں گی جبکہ اندرونی و مرکزی شاہراہوں سمیت 106 سڑکوں کی تعمیر بھی منصوبے میں شامل ہے ، نیت اچھی ہوتی ہے تو اللہ تعالیٰ بھی مدد کرتے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں