روڈ سائیڈ تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری،6دکانیں اور 9ہوٹل سربمہر

روڈ  سائیڈ  تجاوزات  کے  خلاف  آپریشن  جاری،6دکانیں  اور 9ہوٹل  سربمہر

ماہ رمضان میں ٹریفک روانی بہتر بنانے کے لئے کراچی انتظامیہ کے اقدامات ،مختلف اضلاع میں 20مقامات پرانسداد تجاوزات کی کارروائیاں کی گئیں جن شاہراہوں سے تجاوزات ہٹائی گئی ہیں ان کی مانیٹرنگ کے موثر اقدامات کئے جائیں ،کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی ہدایت پر ٹریفک دباؤ کے خاتمے کے لئے کارروائیاں جاری ہیں ماہ رمضان میں مصروف شاہراہوں اور سڑکوں پر ٹریفک روانی برقرار رکھنے کے لئے خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں کمشنر نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ ماہ رمضان میں روڈ سائیڈ تجاوزات کے خلاف تمام افسران ترجیحی اقدامات کریں یقینی بنائیں کہ افطاری کے وقت شہریوں کو ٹریفک دباؤ کا سامنا نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان میں ٹریفک دباؤ کی شکایت بڑھ جاتی ہے اور بعض مصروف سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے ڈپٹی کمشنرز اپنے اپنے علاقوں میں ٹریفک پولیس اور بلدیاتی اداروں کے تعاون سے بہتر ٹریفک روانی کے لئے اقدامات کریں کمشنر نے ڈی آء جی ٹریفک کو ہدایت کی ہے کہ وہ ماہ رمضان میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے خصوصی اقدامات کریں ،یقینی بنائیں کہ شہریوں کو ٹریفک دباؤ کی وجہ سے دشواری نہ ہو ۔ڈپٹی کمشنرز نے کمشنر کراچی کو ٹریفک روانی بہتر بنانے کے لیے روڈ سائیڈ تجاوزات کے خلاف کارروائیوں کی رپورٹ پیش کی ہے جس میں بتا یا گیا ہے کہ مختلف اضلاع میں 20 مقامات پر کارروائی کرکے تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا ۔

ضلع جنوبی میں 6 دکانیں سربمہر کی گئیں جبکہ ضلع جنوبی میں ہی تین ہوٹل بیٹھکوں کا خاتمہ کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر جاوید نبی کھوسو کے مطابق ضلع جنوبی میں کھوڑی گارڈن ،سایکل مارکیٹ ، برنس روڈ، نزد شاہراہِ لیاقت،مینسفلڈ اسٹریٹ داؤد پوتہ روڈ کرم علی تالپور روڈ اور بوہری بازار پر تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نصرللہ عباسی کے مطابق ضلع شرقی میں فلاور مارکیٹ تین ہٹی، گلشن اقبال ۔ ڈپٹی کمشنر طحہ سلیم کے مطابق ضلع وسطی میں عائشہ منزل، لالو کھیت سپر مارکیٹ سیفی کالج نارتھ ناظم آباد ضیا الدین چورنگی میں کارروائی کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر ملیر سمیع اللہ شیخ کے مطابق ملیر پندرہ برج کے نیچے ایک بار پھر سخت کارروائی کی گئی اور ٹاؤن عملہ اور ٹریفک پولیس کو مانیٹر نگ کا پابند کردیا گیا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر غربی ذوالفقار میمن کے مطابق مومن آباد نمبر دس خواجہ غریب نواز مارکیٹ پھول والی گلی اورنگی اردؤ چوک اور مومن آباد کے مختلف علاقوں میں تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا ۔کمشنر نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت ہے کہ جن شاہراہوں سے تجاوزات ہٹائی گئی ہیں ان شاہراہوں پر تجاوزات کی روک تھام کے لیے خصوصی اقدامات کئے جائیں ،مانیٹرنگ کے لئے خصوصی عملہ متعین کیا جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں