ایئرپورٹ پر ویزا فراڈ میں ملوث ملزم گرفتار
کراچی(این این آئی)ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ایئرپورٹ پر ویزا فراڈ میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔ترجمان کے مطابق تھائی لینڈ کے وزٹ ویزے کی آڑ میں جنوبی کوریا جانے کا خواہشمند مسافر کو گرفتار کرلیا گیا۔
ایجنٹ سے 28 لاکھ روپے ادائیگی معاہدے کے تحت ملزم نے جنوبی کوریا پہنچ کر سیاسی پناہ حاصل کرنا تھی۔ملزم کوبھی ناکافی رقم اور ہوٹل بکنگ کی عدم ادائیگی کے باعث آف لوڈ کیا گیا تھا، ملزم کے سامان کی تلاشی میں 20 اپریل 2026 تک موثر جنوبی کوریا کا ویزا بھی برآمد ہوا۔ملزم نے ایجنٹ سے 3 لاکھ پیشگی سمیت 28 لاکھ روپے میں معاہدہ کیا تھا، تھائی لینڈ میں ایک روز قیام کے بعد جنوبی کوریا پہنچنے پر سیاسی پناہ کے لئے ایجنٹس نے جعلی دستاویزات فراہم کرنا تھیں۔ ملزم کو مزید کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا۔