پولیس اہلکار کو مفت کباب اور مچھلی کھانا مہنگا پڑ گیا
اہلکاروں کا نشے کی حالت میں ہوٹل پر دھاوا ، ساتھیوں سمیت گرفتار پیسے طلب کیے گئے تو اہلکار تنزیل طیش میں آ گیا اور پستول تان لی، مدعی
کراچی(آئی این پی )کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤ ن میں ایک پولیس اہلکار کو مفت کباب اور مچھلی کھانا مہنگا پڑ گیا۔ پاکستان بازار پولیس نے اہلکار کو اس کے ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا، جبکہ دکاندار کی مدعیت میں مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ۔پولیس کے مطابق گرفتار اہلکار تنزیل سرجانی ٹان پولیس اسٹیشن میں تعینات ہے ۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ مبینہ طور پر نشے کی حالت میں اپنے دوستوں کے ہمراہ ایک ہوٹل پہنچا۔مدعی دکاندار کے مطابق پانچ افراد نے کباب اور مچھلی فرائی کا آرڈر دیا۔ کھانے کے جب پیسے طلب کیے گئے تو پولیس اہلکار تنزیل طیش میں آ گیا اور پستول تان لی، شور شرابہ شروع کر دیا اور اس کے ساتھیوں نے دکاندار کے بھائی وحید پر تشدد کیا۔ مدعی کا کہنا ہے کہ نشے میں دھت افراد نے ہوٹل کی کرسیاں بھی اٹھا کر پھینک دیں۔دکاندار کے مطابق اہلِ علاقہ کی مدد سے تین افراد کو موقع پر ہی قابو کر لیا گیا، جبکہ دو ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔ بعد ازاں پولیس موقع پر پہنچی اور گرفتار افراد کو تحویل میں لے لیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ دکاندار کی درخواست پر اہلکار اور اس کے ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے ۔ حکام کے مطابق فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش بھی کی جا رہی ہے ۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے ۔