پر امن احتجاج کو پولیس نے پر تشدد بنایا،منعم ظفر خان

پر امن احتجاج کو پولیس نے پر تشدد بنایا،منعم ظفر خان

امراء اضلاع کااجلاس،کارروائی پی پی کی فسطائیت اور غیر جمہوری عمل قرار کارکنوں کی رہائی و مقدمات کے خاتمے کا مطالبہ، احتجاج جاری رکھنے کا اعلان

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کی زیر صدارت ادارہ نور حق میں امراء اضلاع کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سندھ اسمبلی پر پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت سے اہل کراچی کے حق، مسائل کے حل اور بااختیار شہری حکومت کیلئے پر امن احتجاج پر پولیس کے وحشیانہ تشدد، لاٹھی چارج اور بدترین شیلنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس کارروائی کو پیپلز پارٹی کی فسطائیت، کراچی دشمنی،حکومتی طاقت کا غلط استعمال اور غیر جمہوری عمل قرار دیا گیا۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ گرفتارشدہ 30کارکنوں کو فی الفور رہا اور دہشت گردی کے مقدمات ختم کیے جائیں، زیر حراست زخمی کارکنون کو علاج کیلئے اسپتال منتقل کیا جائے۔

اجلاس میں طے کیا گیا کہ کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کے جائز و قانونی حقوق، عوام کے سنگین مسائل کے حل اور با اختیار شہری حکومت کے لیے جماعت اسلامی کی جدوجہد اور پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کی ایماء پر پر امن احتجاج پر وحشیانہ پولیس تشدد اور کارکنوں کی گرفتاریوں کے خلاف احتجاج جاری رہے گا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے منعم ظفر خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کے احکامات پر پولیس نے پر امن احتجاج کو پر تشدد بنایا۔بدترین شیلنگ اور لاٹھی چارج کر کے بزرگوں سمیت درجنوں کارکنوں کو زخمی کیا اور 30کارکنوں کوگرفتار کیا۔اس بدترین پولیس ایکشن کی اطلاع ملتے ہی امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن بھی کراچی پہنچے اور اتوار 15فروری کو یوم احتجاج منایا گیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں