روڈ سیفٹی آگاہی پروگرامز وقت کی ضرورت ،ڈپٹی میئر
کراچی (اسٹاف رپورٹر)ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے کہا ہے کہ ٹریفک کی بہتری کے لیے کیے جانے والے اقدامات شہریوں کے لیے نہایت اہمیت رکھتے ہیں۔۔۔
خصوصاً رمضان المبارک کے دوران جب بازاروں اور شاہراہوں پر غیرمعمولی رش دیکھنے میں آتا ہے ، ایسے مواقع پر منظم ٹریفک نظام نہ صرف وقت کی بچت کا باعث بنتا ہے بلکہ شہریوں کو ذہنی دباؤ اور مشکلات سے بھی محفوظ رکھتا ہے ،روڈ سیفٹی آگاہی پروگرامز وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی محکمہ سٹی انسٹیٹیوٹ آف امیج مینجمنٹ میں ٹریفک پولیس، پاکستان ہلال احمر(سندھ) اور محکمہ سٹی وارڈن کی مشترکہ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کمانڈر (ریٹائرڈ) علی حیدر، ڈی آئی جی ٹریفک کے نمائندے ایس او ناصر احمد، مائنڈ سائنس مہرین مشتاق نے اپنے خطاب میں کہا کہ ٹریفک مینجمنٹ کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنا بھی اتنا ہی ضروری ہے جتنا عملی اقدامات کرنا، عوام کو ٹریفک قوانین، متبادل راستوں اور پارکنگ کے بہتر انتظام سے متعلق معلومات فراہم کی جائیں تو رش میں واضح کمی لائی جا سکتی ہے ، اس مقصد کے لیے میڈیا، سوشل پلیٹ فارمز اور فیلڈ اسٹاف کے ذریعے رہنمائی فراہم کرنا موثر ثابت ہو سکتا ہے ،مزید برآں، مربوط حکمت عملی اور بین الادارہ تعاون کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ رمضان المبارک میں شہریوں کو آمدورفت کے دوران مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ ورکشاپ کے اختتام پر شرکاء کو شیلڈز دی گئیں ۔