جعلی میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ بنانے والا گروہ پکڑا گیا

جعلی میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ بنانے والا گروہ پکڑا گیا

ملزمان خلیجی ممالک میں روزگار کیلئے جانے والوں کو سرٹیفکیٹ بناکردیتے تھے ہر فرد سے تقریباً دو سے ڈھائی لاکھ روپے وصول کرتے تھے ،ترجمان ایف آئی اے

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)خلیجی ممالک جانے والے ملازمت کے خواہش مند افراد کے لیے جعلی میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹس بنانے والے منظم گروہ کے کارندوں کو گرفتار کرلیا۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق شارع فیصل کے علاقے نرسری میں کارروائی کے دوران ایک منظم گروہ کے دو اہم کارندوں، محمد منیر اور محمد احسن رضا کو گرفتار کرلیا۔انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان خلیجی ممالک میں روزگار کے حصول کے لیے جانے والے پاکستانی شہریوں کو جعلی میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹس فراہم کرنے میں ملوث تھے۔

ترجمان نے بتایا کہ ملزمان ہر فرد سے تقریباً دو سے ڈھائی لاکھ روپے وصول کرتے تھے اوروافد(گاماکا)کے میڈیکل ریکارڈ میں ردوبدل کرتے ہوئے ’’ان فٹ‘‘قرار دیے گئے امیدواروں کا ریکارڈ حذف کرکے جعلی طور پر نئے فٹنس سرٹیفکیٹس جاری کرواتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے تین ایسے پاسپورٹس بھی برآمد کیے گئے ، جو ان کی ملکیت نہیں تھے ۔ان کا کہنا تھا کہ تحقیقات سے انکشاف ہوا ہے کہ اس نیٹ ورک میں میڈیکل سینٹر کے عملے ، ٹریول ایجنٹس اور متعدد سہولت کار شامل ہیں، جو منظم انداز میں یہ غیرقانونی سرگرمیاں چلا رہے تھے۔

ترجمان ایف آئی اے نے کہا کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع شروع کر دی گئی۔ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون نے ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے مجرمانہ نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور قانون شکن عناصر کو ہر صورت انجام تک پہنچایا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں