اسپنسر آئی اسپتال کی اپ گریڈیشن تیز کرنے کی ہدایت
بلدیہ عظمیٰ کے زیرِانتظام اسپتالوں کو جدید خطوط پر فعال بنانا ترجیح ہے ،میئر مرتضیٰ وہاب کااسپتال کا دورہ،جاری ترقیاتی اور مرمتی کاموں کا تفصیلی معائنہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اسپنسر آئی اسپتال کے دورے کے دوران جاری ترقیاتی اور مرمتی کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کی، میئر کراچی نے کہا کہ شہر کے انفرااسٹرکچر کی بہتری کے ساتھ ساتھ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیرِانتظام اسپتالوں کو بھی مؤثر اور جدید خطوط پر فعال بنانا اولین ترجیح ہے تاکہ شہریوں کو معیاری طبی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے بتایا کہ مرمتی کام اور اپ گریڈیشن کی تکمیل کے بعد اسپتال میں آنکھوں کے علاج کی جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی جبکہ او پی ڈی کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے اور توقع ہے کہ رمضان المبارک کے اختتام تک او پی ڈی کا باقاعدہ آغاز کر دیا جائے گا۔ مزید برآں آپریشن تھیٹر کو بھی اپریل کے پہلے ہفتے میں مکمل طور پر فعال کر دیا جائے گا تاکہ مریضوں کو بروقت علاج کی سہولت میسر آسکے۔
میئر کراچی نے اس بات پر زور دیا کہ تمام وسائل شفاف انداز میں استعمال کیے جا رہے ہیں تاکہ عوام کے سامنے ترقیاتی اور طبی سہولیات سے متعلق تمام امور واضح رہیں، انہوں نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے کامیاب منصوبوں کے بعد صحت کے شعبے میں مزید سہولیات متعارف کرائی جائیں گی۔انہوں نے سینئر ڈائریکٹر ہیلتھ کے ایم سی ڈاکٹر مہوش مٹھانی کو ہدایت کی کہ مریضوں کی سہولت کے پیشِ نظر طبی سہولیات میں مزید اضافہ کیا جائے ۔