ماہ صیام کے تینوں عشروں کیلئے فول پروف سکیورٹی کی ہدایت

ماہ صیام کے تینوں عشروں کیلئے فول پروف سکیورٹی کی ہدایت

مساجد، امام بارگاہوں، مزارات اور تراویح کے اجتماعات کی خصوصی نگرانی ،حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کی جائے بابرکت مہینے میں عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی ترجیح، غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی،وزیر داخلہ

کراچی(آئی این پی)صوبائی وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار نے ماہِ صیام 2026 کے تینوں عشروں کے دوران صوبے بھر میں فول پروف سکیورٹی اور مربوط ٹریفک انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کردی ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔وزیر داخلہ سندھ نے ہدایت کی کہ مساجد، امام بارگاہوں، مزارات،درگاہوں اور تراویح کے اجتماعات کی خصوصی نگرانی کی جائے جبکہ افطار و سحر کے اوقات میں حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کی جائے ۔

انہوں نے کہا کہ بڑے تجارتی مراکز، بازاروں اور شاپنگ مالز کے لیے موثر اور جامع سیکیورٹی پلان ترتیب دے کر اس پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے اسنیپ چیکنگ، موبائل گشت اور انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں میں مزید تیزی لانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کے تحت سی سی ٹی وی کیمروں کی موثر مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے ۔ مساجد اور مذہبی اجتماعات کے اطراف واک تھرو گیٹس کی تنصیب اور جامع تلاشی کے نظام پر بھی خصوصی توجہ دی جائے ۔وزیر داخلہ نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور امن و امان کے قیام کے لیے علمائے اکرام اور مذہبی رہنماؤں سے رابطوں کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ افطار پوائنٹس اور دستر خوانوں کی سیکیورٹی کے لیے مقامی پولیس اور رضاکاروں کے ساتھ مؤثر کوآرڈینیشن قائم رکھا جائے۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ خواتین اور فیملیز کی سہولت و تحفظ کے لیے خصوصی گشت اور ہیلپ ڈیسک قائم کیے جائیں جبکہ ایمرجنسی رسپانس یونٹس اور ایمبولینس سروس کو ہمہ وقت الرٹ رکھا جائے ۔ٹریفک مینجمنٹ کے حوالے سے وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ مارکیٹس اور کاروباری مراکز میں رش کے پیش نظر جامع ٹریفک پلان پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے ۔ افطار سے قبل اور بعد اہم شاہراہوں پر ٹریفک پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائے ، متبادل پارکنگ انتظامات کو یقینی بنایا جائے اور غیرقانونی پارکنگ کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے ۔ شہریوں کو پیشگی ٹریفک ایڈوائزری کے ذریعے بروقت آگاہ رکھا جائے تاکہ کسی قسم کی دشواری سے بچا جا سکے ۔انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ پولیس، رینجرز اور متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے باہمی اشتراک سے مربوط اور مؤثر سکیورٹی و ٹریفک انتظامات کو یقینی بنایا جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں