رمضان فلسطین کے ساتھ کے عنوان سے مہمات کااعلان

رمضان فلسطین کے ساتھ کے عنوان سے مہمات کااعلان

فلسطینی عوام کے ساتھ عملی اظہارِ یکجہتی کیلئے کانفرنسز،مظاہرے ،ریلیاں ہوں گی عالمی ضمیر جھنجھوڑنے کے لیے عوامی سطح پر آواز بلند کرنا ناگزیر ،ڈاکٹر صابر ابو مریم

کراچی(اسٹاف رپورٹر) فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین کو اجاگر کرنا ہر باشعور انسان کی ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لیے رواں سال رمضان المبارک رمضان فلسطین کے ساتھ کے عنوان سے منایا جائے گا۔ اس سلسلے میں ملک بھر میں یکجہتی فلسطین کانفرنسز، احتجاجی مظاہرے ، ریلیاں اور تشہیری مہمات کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ فلسطینی عوام کے ساتھ عملی اظہارِ یکجہتی کیا جا سکے ۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ماہِ رمضان میں جاری اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور فلسطینیوں کی مدد کے لیے مالی، اخلاقی، سیاسی اور دینی تعاون فراہم کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کے لیے عوامی سطح پر آواز بلند کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔

امریکہ، برطانیہ اور دیگر مغربی حکومتوں کی سرپرستی میں اسرائیل،فلسطینیوں کے خلاف منظم جارحیت جاری رکھے ہوئے ہے ، جس کے نتیجے میں خصوصاً غزہ کے عوام شدید انسانی بحران کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہزاروں بچے جنگی تباہ کاریوں کے بعد بھوک اور قحط جیسی صورتحال سے دوچار ہیں، جو پوری انسانیت کے لیے لمحہ فکریہ ہے ۔لیکن مسلمان ممالک کی حکومتیں اسرائیل کے لئے تیل گیس اور کھانے پینے کی اشیاء کی سپلائی بلا تعطل جاری رکھے ہوئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بعض ریاستیں عملی اقدامات کے بجائے محض بیانات تک محدود ہیں، جو فلسطینی عوام کی توقعات کے برعکس ہے ۔ مسئلہ فلسطین پاکستان کے اصولی موقف کا حصہ رہا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں