سولجربازار میں عمارت گرنے کامقدمہ درج،مالک گرفتار

سولجربازار میں عمارت گرنے کامقدمہ درج،مالک گرفتار

گیس سلنڈر کے دھماکے سے تین منزلہ عمارت کے کمرے زمین بوس ہوئےگرفتار مالک نے اٹھارہ سال قبل 35سے 40گز پر تین منزلہ عمارت تعمیر کرائی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سولجر بازار رانا لیاقت کالونی میں گیس لیکج دھماکے سے رہائشی عمارت کے گرنے کا معاملہ واقعہ کا مقدمہ تھانہ سولجر بازار میں درج مقدمہ سرکاری مدعیت میں سب انسپکٹر خالد محمود کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ مقدمہ قتل بالسبب ، عمارت کی تعمیر میں غفلت برتنے ، املاک کو نقصان پہچانے سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا،40 گز پر گراؤنڈ پلس تھری عمارت قائم کرنے پر پلاٹ کے مالک محمد ارشاد کو گرفتار کرلیا گیا۔مقدمے کے متن کے مطابق پوری عمارت میں ٹی آر گارڈر اور ٹائیلوں کا استعمال کیا گیا،پہلی منزل پر رہائشی زیب النساء نے سحری کے وقت چولہا جلایا ناقص گیس لائن سے لیکیج کے باعث کمرہ میں گیس بھری ہوئی تھی،ماچس جلتے ہی آگ لگی اور دھماکا ہوا دھماکے کے باعث تین منزلہ عمارت کے کمرے زمین بوس ہوگئے۔

حادثے میں 16 افراد جاں بحق اور14 زخمی ہوئے ۔ دوسری جانب ملزم ارشاد نے پولیس کو اپنے بیان میں بتایا کہ اٹھارہ سال قبل 7 سے 8 لاکھ روپے میں 35 سے 40 گز پر تین منزلہ عمارت تعمیر کرائی،پورے علاقے میں ٹی آر گارڈر اور ٹائلوں پر مکان بنے ہوئے ہیں اگر دھماکا نہیں ہوتا تومیرا مکان 20 سال بھی نہیں گرتا،ملزم ارشاد نے دعویٰ کیا کہ اس نے لوہے کے پائپوں کی گیس فٹنگ کروائی تھی،پلاسٹک کے پائپوں کی فٹنگ کرائے داروں نے کرائی ہوگی،ملزم نے بتایا کہ وہ خود گل رعنا کالونی میں 35 گز کے گراؤنڈ پلس تھری کے مکان میں رہتا ہے ، پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں