چیئرمین شاہ فیصل ٹاؤن سمیت4ملزمان کی ضمانت منظور

چیئرمین شاہ فیصل ٹاؤن سمیت4ملزمان کی ضمانت منظور

ہنگامہ آرائی اور غیر قانونی اسلحہ کیس میں 50،50 ہزارکے مچلکوں کا حکمالزامات بدنیتی پر مبنی ، استغاثہ خود تسلیم کررہاکوئی زخمی نہیں ہوا، وکیل صفائی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے چیئرمین شاہ فیصل ٹاؤن اور دیگر کے خلاف ہنگامہ آرائی اور غیر قانونی اسلحے سے متعلق مقدمہ میں چیئرمین شاہ فیصل ٹاؤن گوہر خٹک سمیت چار ملزمان کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔ عدالت نے گوہر خٹک کو دو مقدمات میں 50,50 ہزار کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دے دیا ۔ عدالت نے شریک ملزمان آدم، شاہ فیصل اور حسین کو فی کس 50ہزار روپے کے مچلکے جمع کروانے کی ہدایت کردی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو سندھ ہائی کورٹ میں ہنگامہ آرائی اور غیر قانونی اسلحے سے متعلق مقدمہ میں چیئرمین شاہ فیصل ٹاؤن گوہر خٹک سمیت چار ملزمان کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔

دوران سماعت وکیل صفائی کی جانب سے مؤقف اختیار کیاگیا تھاکہ گوہر خٹک سمیت دیگر نے رضاکارانہ گرفتاری پیش کی، ملزمان پر لگائے گئے الزامات بدنیتی پر مبنی ہیں،تمام کارکنان دفتر کی افتتاحی تقریب میں موجود تھے ، استغاثہ خود تسلیم کررہا ہے کہ کوئی زخمی نہیں ہوا ہے ۔ وکیل صفائی کے مطابق پولیس نے کم عمر لڑکے کو بھی مقدمے میں گرفتار کیا ہوا ہے ۔ عدالت نے چیئرمین شاہ فیصل ٹاؤن گوہر خٹک سمیت چار ملزمان کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔ عدالت نے گوہر خٹک کو دو مقدمات میں 50,50 ہزار کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے شریک ملزمان آدم، شاہ فیصل اور حسین کو فی کس 50ہزار روپے کے مچلکے جمع کروانے کی ہدایت کردی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں