شکار پور:منگیجا، کلہوڑو برادریوں کا تنازع، تصفئے کیلئے جرگہ

شکار پور:منگیجا، کلہوڑو برادریوں کا تنازع، تصفئے کیلئے جرگہ

فریقین پرمجموعی طور پر7کروڑ 64 لاکھ 50ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیاکلہوڑو برادری 4کروڑ 21لاکھ، منگیجا 3کروڑ 43لاکھ 50ہزار دے گی

شکارپور(نمائندہ دنیا)شکارپور کے قریب وزیرآباد مہر ہاؤس پر سابق رکن قومی اسمبلی کی سربراہی میں منگیجا اور کلہوڑو برادریوں کے درمیان جاری خونی تنازع میں 17 افراد کے قتل کا جرگہ ہوا، جس میں دونوں فریقوں پر مجموعی طور پر 7 کروڑ 64 لاکھ 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ منگیجا برادری کے 9 افراد کے قتل اور 13افراد کے زخمی ہونے کے عوض کلہوڑو برادری پر 4 کروڑ 21 لاکھ روپے جرمانہ مقرر کیا گیا،جبکہ کلہوڑو برادری کے 8 افراد کے قتل اور 7 افراد کے زخمی ہونے کے بدلے منگیجا برادری پر 3 کروڑ 43 لاکھ 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا،سردار راجا خان منگیجو کو قتل کرنے پر کلہوڑو برادری پر 1 کروڑ 25 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

اسی طرح سرداری گھرانے کے ایک اور فرد نظام الدین منگیجو کو قتل پر کلہوڑو برادری پر 50 لاکھ روپے جرمانہ رکھا گیا۔ دوسری جانب کلہوڑو برادری کے میرِل کلہوڑو کو قتل کرنے پر منگیجا برادری پر 50 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ واضح رہے کہ دونوں برادریوں کے درمیان جھگڑے کے دوران مجموعی طور پر 17 افراد قتل اور 20 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے ،جرگے میں علاقے کے معززین، برادریوں کے سردار اور دیگر افراد نے شرکت کی،دونوں فریقوں نے فیصلے کو قبول کرلیا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں