عمارت پر بلڈر کے قبضے کے خلاف دکاندار عدالت پہنچ گئے
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ میں نیپیئر روڈ پر واقع ایشور کمپاؤنڈ کو مخدوش قرار دے کر خالی کرائی گئی عمارت پر بلڈر کے کے قبضے کے خلاف کے دکانداروں نے عدالت سے رجوع کرلیا۔
درخواست گزار دکانداروں کے وکیل فرحان جاوید ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ متروکہ وقف املاک نے 1960 کی دہائی میں مذکورہ عمارت کی ملکیت اصل مالکان کو منتقل کر دی تھی، تاہم نومبر 2025 میں ایس بی سی اے نے عمارت کو خطرناک قرار دے کر سیل کر دیا۔ وکیل درخواست گزار کے مطابق ایس بی سی اے کی جانب سے نہ تو کوئی پیشگی نوٹس جاری کیا گیا اور نہ ہی معائنہ رپورٹ فراہم کی گئی، اس کے باوجود عمارت کو مخدوش قرار دے کر بند کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر اور ایس بی سی اے حکام کو عمارت ڈی سیل کرنے کی درخواستیں بھی دی گئیں لیکن اس پر کوئی عملدرآمد نہیں ہوا۔ فروری 2026 میں ایک بلڈر نے ایس بی سی اے کی سیل کے باوجود عمارت پر قبضہ کرلیا اور اندر توڑ پھوڑ کی گئی جبکہ دکانوں سے قیمتی سامان بھی نکال لیا گیا۔بلڈرکے خلاف متعلقہ تھانے میں درخواست دی گئی مگر پولیس نے شکایت وصول کرنے سے انکار کردیا۔