اورنگی ٹاؤن، دو گھنٹے میں دودھ کی 2دکانیں لٹ گئیں
منہ چھپائے مسلح ملزمان دکان سے ڈھائی لاکھ روپے لوٹ کر با آسانی فرار دکانوں کے مالکان کے بیان قلمبند،دونوں واقعات کا ایک ہی مقدمہ درج
کراچی (اسٹاف رپورٹر )اورنگی ٹاؤن میں دو گھنٹوں کے دوران دودھ کی 2 دکانیں لٹ گئیں، ڈاکو 5 لاکھ روپے سے زائد کی رقم اور 5 قیمتی موبائل فون چھین کر باآسانی فرار ہوگئے ، تفصیلات کے مطابق پاکستان بازار تھانے کی حدود میں واقع بلال میئو ڈیری فارم مین روڈ شاہ فیصل چوک سیکٹر 14 غوثیہ پیلس اورنگی ٹاؤن میں 3 موٹرسائیکلوں پر سوار 6 ملزمان نے نہایت دیدہ دلیری سے واردات انجام دی ، منہ چھپائے مسلح ملزمان دکان سے ڈھائی لاکھ روپے کیش لوٹ کر با آسانی فرار ہوگئے ، 20 فروری کی صبح 5 بجکر 36 منٹ پر پیش آنے والے واقعے کی رپورٹ دکان کے مالک محمد تجمل نے صبح 7 بجے پاکستان بازار تھانے میں درج کرائی۔
مدعی نے بتایا کہ ملزمان اس کے ملازم اسامہ سے آئی فون اور عبدالسلام سے سے بھی قیمتی موبائل فون چھین کر لے گئے ، تجمل نے بتایا کہ وہ تھانے میں بیٹھا ڈیوٹی آفیسر کو اپنا بیان ریکارڈ کرا رہا تھا کہ حماد ولد وسیم نے شخص آیا جس نے بتایا کہ سیکٹر 14/B میں اس کی مسٹر ملک کے نام سے دکان ہے جس سے مزکورہ تین موٹرسائیکلوں پر سوار 6 ملزمان اس کی دکان سے 2 لاکھ 75 ہزار روپے اور تین قیمتی موبائل فون لوٹ کر لے گئے ، پولیس نے دکانوں کے مالکان کے بیان قلمبند کر نے کے بعد دونوں واقعات کا ایک ہی مقدمہ درج کر لیا۔