جیب تراشی اور چوری میں ملوث5 ملزمان گرفتار

جیب تراشی اور چوری میں ملوث5 ملزمان گرفتار

موبائل فون فروخت کرنے کے بعد رقم آپس میں تقسیم کرتے تھے معطل اہلکار پولیس سے چھڑانے میں کردار ادا کرتے ہیں ،ملزمان کاانکشاف

کراچی(این این آئی)پاکستان رینجرز سندھ نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے مواچھ موڑ بلدیہ ٹاؤن سے جیب تراشی اور چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث 5 ملزمان سرفراز عرف استاد ولد محمد علی، شہزاد گل، گلزار، محمد صادق اور کاشان کو گرفتار کر لیاہے ۔ملزمان کے قبضے سے 4 عدد موبائل فونز اور نقدی برآمد کر لی گئی۔ترجمان رینجرزکے مطابق گرفتار ملزمان کراچی کے علاقے بلدیہ ٹان مواچھ موڑ میں ایک مسافر بس میں لوٹ مار کر رہے تھے ۔ پاکستان رینجرزسندھ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔گرفتار ملزمان کا گروہ 10 سے 12 افراد پر مشتمل ہے ۔ گرفتار ملزمان روزانہ کی بنیاد پر 5 سے 6 موبائل فونز چھینتے تھے اور موبائل فون فروخت کرنے کے بعد رقم آپس میں تقسیم کرتے تھے۔

گرفتار ملزمان نیانکشاف کیا کہ گرفتاری کی صورت میں معطل اہلکار پولیس سے چھڑوانے میں کردار ادا کرتے ہیں جس کے عوض گروہ معطل اہلکاروں کو روزانہ کی بنیاد پر کچھ رقم فراہم کرتے ہیں۔ گرفتار ملزمان کو بمعہ مسروقہ سامان مزید قانونی کاروائی کے لئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے ۔رینجرزنے عوام سے اپیل کی ہے کہ جرائم کے خاتمے کے لیے ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔ آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں