بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف درخواست پر فریقین کو نوٹس ،جواب طلب

 بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف درخواست پر فریقین کو نوٹس ،جواب طلب

فیڈر کی تبدیلی کے بعد علاقے میں طویل دورانیے کی لوڈ شیڈنگ شروع ہوگئی ،مکینوں کی درخواست

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے نرسری کے قریب نجی سوسائٹی کے مکینوں کی بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 6 مارچ تک جواب طلب کرلیا۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سوسائٹی کو ماضی میں پی اے ایف ہاؤسنگ فیڈر سے بجلی فراہم کی جاتی تھی اور سو فیصد وصولی کے باوجود گزشتہ سال اچانک فیڈر تبدیل کردیا گیا۔ درخواست گزاروں کے مطابق فیڈر کی تبدیلی کے بعد علاقے میں طویل دورانیے کی لوڈ شیڈنگ شروع ہوگئی جس سے مکین شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ درخواست گزاروں نے عدالت کو بتایا کہ نیپرا کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ پرانا فیڈر بحال کردیا جائے گا، تاہم اس پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ کے الیکٹرک کو ہدایت جاری کی جائے کہ کنکشن دوبارہ پرانے فیڈر سے بحال کیا جائے ۔ مزید استدعا کی گئی ہے کہ درخواست کے حتمی فیصلے تک خصوصاً رمضان المبارک کے مہینے میں بجلی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانے کا حکم دیا جائے ۔ عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت تک جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں