ٹریفک جام کرنے والے ڈرائیور نے ٹریفک اہلکار کو بس میں اغوا کر لیا
کراچی (آئی این پی) گزشتہ روز شاہراہ اورنگی پر ٹریفک اہلکار کو اغوا کر کے اُس پر تشدد اور ہتھیار چھیننے کی کوشش کی گئی تھی، جس کا مقدمہ اورنگی ٹاؤن تھانے میں پولیس کانسٹیبل سرفراز خان کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے ۔
اہلکار کے مطابق اورنگی میں چورنگی نمبر 5 پر دیگر اہلکاروں کے ساتھ ڈیوٹی انجام دے رہا تھا، افطار سے قبل جے ایف 1999 نمبر کے ڈرائیور نے بس سڑک کے بیچ کھڑی کر دی، بس ڈرائیور سواریوں کا انتظار کر رہا تھا پیچھے ٹریفک جام ہونے لگا، میں نے ڈرائیور کو سائیڈ پر کرنے کا کہا مگر اس نے بس سائیڈ پر نہیں کی۔اہلکار نے کہا میں پسنجر گیٹ سے چڑھا تو ڈرائیور نے بس بھگا لی اور کنڈکٹر نے دروازہ بند کر دیا، مجھے اغوا کر کے تیز رفتاری سے بس بھگانے لگے ، اسی دوران تیز رفتار بس بورڈ آفس کے قریب اورنج لائن بس کے فٹ پاتھ اور گرل سے ٹکرا گئی۔اہلکار نے کہا میں تیزی سے نیچے اترا تو ڈرائیور اور کنڈیکٹر مجھ سے مار پیٹ کرنے لگے ، مجھ سے ہتھیار چھیننے کی کوشش کی اور میرے ہاتھ کا انگوٹھا توڑ دیا۔ اہلکار کے مطابق مار پیٹ سے چہرے اور دائیں ہاتھ اور گھٹنے پر بھی چوٹیں لگیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ بس ڈرائیور موقع سے گرفتار ہو گیا تاہم کنڈیکٹر فرار ہے۔