بدین میں غیر قانونی افغان باشندوں کیخلاف کریک ڈاؤن، 5گرفتار

بدین میں غیر قانونی افغان باشندوں کیخلاف کریک ڈاؤن، 5گرفتار

ٹنڈو غلام، غلام شاہ میں پولیس آپریشنز، ملزمان کے پاس قیام کی دستاویز نہیں تھیںمزید قانونی کارروائی کیلئے متعلقہ حکام کے حوالے ، ضلع میں مہم جاری رہے گی، پولیس

پنگریو (نامہ نگار)بدین میں غیر قانونی افغان باشندوں کے خلاف پولیس کارروائیوں میں 5 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ ضلع میں غیر قانونی طور پر مقیم افغانی باشندوں کے خلاف مہم بھرپور انداز میں جاری ہے ۔ یہ کارروائیاں حکومتِ پاکستان اور حکومتِ سندھ کی ہدایات کے تحت عمل میں لائی جا رہی ہیں تاکہ ضلع میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنایا جا سکے اور غیر قانونی قیام کی حوصلہ شکنی کی جا سکے ۔اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ پولیس بدین کی جانب سے ٹنڈو غلام علی اور غلام شاہ کے مختلف علاقوں میں خفیہ اطلاعات اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے ۔ ایس ایچ او تھانہ ٹنڈو غلام علی انسپکٹر ایاز علی بھٹی اور ایس ایچ او تھانہ راجو خانانی انسپکٹر عبدالستار گھمبیر کی قیادت میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران غیر قانونی طور پر مقیم پانچ افغان باشندے گرفتار کیے گئے ۔ گرفتار افراد میں حسین، جان باز، جمعرات، اسلم خان اور شہزاد شامل ہیں۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق مذکورہ افراد کے پاس پاکستان میں قیام سے متعلق قانونی دستاویزات موجود نہیں تھیں۔ ضابطے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد انہیں متعلقہ حکام کے حوالے کیا گیا تاکہ مزید قانونی مراحل طے کیے جا سکیں۔ ڈسٹرکٹ پولیس بدین نے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی مقیم افراد کے خلاف مہم جاری رہے گی اور ضلع بھر میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، اسنیپ چیکنگ اور نگرانی کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں