میرپور خاص:لاکھوں کا گٹکا ودیگر مضر صحت اشیا برآمد، 2گرفتار
ٹنڈو آدم روڈ پر پولیس کی کارروائی، مرکزی ملزم کے فرار ہونے کی اطلاعسجاول میں بھی بھاری مقدار میں منشیات برآمد، 4ملزم گرفتار، 3فرار ہوگئے
میرپور خاص، بدھوتالپر (نمائندگان)میرپور خاص پولیس نے لاکھوں کا گٹکا ودیگر مضر صحت اشیا برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا، جبکہ مرکزی ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، ادھر سجاول میں بھی بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرکے 4 ملزم دھر لئے گئے ۔ میر پوخاص پولیس نے شہر میں منشیات فروشوں کے خلاف بڑی کامیاب کارروائی میں لاکھوں روپے مالیت کے گٹکے سمیت دیگر مضر صحت اشیاء برآمد کرکے دو ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے ، خفیہ اطلاع پر ٹنڈو آدم روڈ پر پی سی بی گراؤنڈ کے قریب کارروائی کی گئی، پولیس کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران دو ملزمان کو ایک پرائیویٹ گاڑی سمیت گرفتار کیا گیا گرفتار ملزمان کی شناخت منصور علی زنیجو سکنہ لاڑکانہ اور محمد بخش کھوسو رہائشی بلوچ پاڑہ میرپورخاص کے ناموں سے ہوئی ہے ، جبکہ تیسرا ملزم امیر بخش زرداری فرار ہوگیا ۔ پولیس کے مطابق فرار ہونے والا ملزم امیر بخش زرداری کا ڈھولن آباد میں ایک گڈز ایجنسی ہے اور وہ ٹرانسپورٹ کے شعبے سے منسلک ہے ۔ ادھر ضلع سجاول پولیس کی منشیات ،گٹکا اور کرمنلز کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، 4000 پُوڑیاں گٹکے ، 500 پیکٹ گٹکا ماوا، 20 لیٹر دیسی شراب اور ایک موٹر سائیکل برآمد کرکے چار ملزمان کو گرفتار کرلیا، جبکہ تین فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ پولیس کے مطابق اقدام قتل کے مقدمے میں مطلوب ایک ملزم کوبھی جرم میں استعمال اسلحے سمیت گرفتار کرلیا ہے ۔