دڑو:پنجاری پل انتہائی خستہ، کسی بھی وقت بڑے حادثے کاخدشہ

دڑو:پنجاری پل انتہائی خستہ، کسی بھی وقت بڑے حادثے کاخدشہ

پل کے درمیان کئی جگہ پربڑے گڑھے بن گئے ، تاجر چندہ کرکے مرمت کراتے ہیںکروڑوں کی لاگت سے تعمیر پل میں ناقص میٹریل استعمال ہوا، علاقہ مکینوں کا الزام

دڑو (نمائندہ دنیا)دڑو کا پنجاری پل انتہائی خطرناک ہو گیا، کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر پل ناقص میٹریل کے استعمال کے باعث آہستہ آہستہ گرنے لگا۔ کسی بھی وقت بڑے حادثے کا خدشہ ہے ۔ تفصیلات کے مطابق دڑو کا پل خطرناک ہو گیا ہے ۔ حال ہی میں کروڑوں روپے کی لاگت سے پل کی نئی چھت بنائی گئی۔ ناقص میٹریل کے استعمال سے یہ آہستہ آہستہ گر رہا ہے ۔ پل کے بیچوں بیچ بڑے بڑے سوراخ اور گڑھے نمودار ہو گئے ہیں۔ شہری اور تاجر چندہ اکٹھا کرتے ہیں اور اپنی مدد آپ کے تحت پل کے گڑھے اور سوراخ بند کراتے ہیں۔ تاہم اس پل کے اوپر سے روزانہ بھاری ٹریفک گزرنے سے یہ آہستہ آہستہ دوبارہ گر رہا ہے ۔ اس حوالے سے علاقہ مکینوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دڑو پنجاری پل کی چھت ایک کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی تھی۔ پل کے کام میں ٹھیکیدار کی جانب سے ناقص میٹریل ڈالنے سے پل کی چھت کمزور ہوگئی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ دڑو شہر میں قانون کی حکمرانی نہ ہونے سے پنجاری پل کو قابضین کے حوالے کر دیا گیا ہے ۔ مچھلی اور سبزی فروشوں نے پل کو بازار میں تبدیل کر دیا ہے ۔ پل کسی بھی وقت بڑے حادثے کا باعث بن سکتا ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ دڑو کے پنجاری پل کی فوری مرمت کی جائے اور تمام مچھلی، مرغی، سبزی فروش اور ٹرانسپورٹ کو منڈی اور بس اسٹینڈ منتقل کیا جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں