مفت بریانی نہ دینے پر دھمکانے والے پولیس اہلکار معطل
کراچی(این این آئی)گلشن اقبال میں عزیز بھٹی تھانے کے اہلکار کی مفت بریانی نہ ملنے پر دکان دار سے بدتمیزی اور دھمکیوں کی ویڈیو وائرل ہوگئی ہے ۔وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس اہلکار بریانی کی دکان پر موجود عملے کو ہراساں کر رہا ہے ۔
اہلکار نے دکاندار کو انتہائی نازبیا الفاظ میں سامان اٹھا کر لیجانے کی دھمکیاں دی اور کہا کہ یہ بریانی وہ اپنے لیے نہیں تھانے کے لیے مانگ رہا ہے جس پر دکاندار نے کہا کہ اس کا نام بتاو تو پولیس اہلکار بھڑک اٹھا ،تاہم اس موقع پر شہری بھی جمع ہوگئے اور معاملہ رفع دفع کرا دیا۔ واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے پر ایس ایس پی ایسٹ نے فوری ایکشن لیتے ہوئے بدتمیزی میں ملوث دونوں پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا ہے ۔