سابق ایم پی اے عبداللہ مراد کی 22ویں برسی کی تقریب

سابق ایم پی اے عبداللہ مراد کی 22ویں برسی کی تقریب

عبداللہ مراد نے اصولوں پر سمجھوتہ کے بجائے شہادت کو قبول کیا،مقررین آیت اللہ علی خامنہ ای اور ایران میں شہید ہونے والوں کیلئے بھی دعائے مغفرت

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی ملیر کی جانب سے سابق ایم پی اے شہید عبداللہ مراد کی 22ویں برسی کے موقع پر ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں سیاسی و سماجی رہنماؤں سمیت پارٹی کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب میں پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری سید وقار مہدی ،ن لیگ کے رہنما سید نہال ہاشمی ،صد پیپلز پارٹی ملیر ایم پی اے راجا رزاق بلوچ ،پیپلز پارٹی ملیر کے جنرل سیکریٹری امداد جوکھیو،اطلاعات سیکریٹری شاہجہاں خان، وزیراعلیٰ کے خصوصی معاون محمدسلیم بلوچ، ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، ایم پی اے محمد ساجد جوکھیو، ایم پی اے یوسف مرتضیٰ بلوچ اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔مقررین کا کہنا تھا کہ کراچی میں عبداللہ مراد جیسے ہزاروں پیپلز پارٹی کارکنوں نے اپنی جانوں کی قربانیاں دیں مگر پارٹی کا پرچم نہیں چھوڑا۔

وہ ذوالفقار علی بھٹو کے سچے کارکن تھے اور ہمیشہ عوام کے دلوں میں زندہ رہیں گے ۔ رہنماؤں نے کہا کہ عبداللہ مراد نے اصولوں پر سمجھوتہ کرنے کے بجائے شہادت کو قبول کیا، جس کی وجہ سے وہ تاریخ میں امر ہو گئے ۔ انہوں نے ملیر میں جرائم کے خلاف اور عوامی حقوق کے لیے بھرپور جدوجہد کی جس کے باعث دہشت گردوں نے انہیں شہید کر دیا، مگر آج بھی وہ لوگوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔ رہنماؤں نے کہا کہ شہید عبداللہ مراد ملیر اور عوام سے بے حد محبت کرتے تھے ۔تقریب کے اختتام پر آیت اللہ علی خامنہ ای اور ایران میں شہید ہونے والوں کے لیے بھی دعائے مغفرت کی گئی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں