حکومتی نااہلی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی،رضوان نیازی
گیس لوڈشیڈنگ سے سحر و افطار میں مشکلات،پی ٹی آئی کا احتجاج کا انتباہمتعلقہ ادارے گیس کی بلا تعطل فراہمی اور پانی کی تقسیم یقینی بنائیں،بیان
کراچی(آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف سندھ کے نائب صدر رضوان نیازی نے کہا ہے کہ ماہِ رمضان میں عوام کو بدترین گیس لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے جس کے باعث شہری سحر اور افطار کے اوقات میں کھانا پکانے تک سے محروم ہو رہے ہیں ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت کی نااہلی نے شہریوں کو شدید مشکلات میں مبتلا کر دیا ہے ،گیس لوڈشیڈنگ کے ساتھ شہر میں بجلی کی غیر اعلانیہ بندش اور پانی کی شدید قلت نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے جب کہ ذمہ دار ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ 18 سال سے سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت قائم ہے ، مگر سندھ حکومت کی ناقص حکمت عملی اور بدانتظامی کے باعث عوام آج بھی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ رمضان جیسے مقدس مہینے میں بھی شہریوں کو ریلیف فراہم نہ کرنا حکومتی کارکردگی پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ کئی ترقیاتی منصوبے طویل عرصہ قبل مکمل ہو جانے چاہیے تھے ، مگر مسلسل تاخیر کے باعث عوام کے اربوں روپے ضائع ہو رہے ہیں جبکہ ترقیاتی کام تاحال مکمل ہونے کا نام نہیں لے رہے ۔ رضوان نیازی نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ ادارے فوری گیس کی بلا تعطل فراہمی، بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے اور پانی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مسائل فوری حل نہ کیے گئے تو پاکستان تحریک انصاف عوام کے ساتھ مل کر بھرپور احتجاج کرے گی۔