فیضان مدینہ میں ملک کے بڑے اعتکاف کا آغاز
کراچی سمیت ملک کے دیگر شہروں سے ہزاروں عاشقان رسولؐ معتکف ہوگئےہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ایمبولینس سروس اورفائر بریگیڈ کا بھی انتظام
کراچی (این این آئی)دعوت اسلامی کے زیر اہتمام گزشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں پاکستان کے سب سے بڑے تربیتی سنت اعتکاف کا آغاز ہوچکا ہے جس میں کم و بیش7 ہزار سے زائد عاشقان رسول ؐمعتکف موجود ہیں جبکہ حیدرآباد، ملتان، لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، کوئٹہ سمیت ملک کے دیگر شہروں میں قائم مدنی مراکز میں بھی دس دن کا سنت اعتکاف کیا جارہا ہے ۔ فیضان مدینہ میں ہونے والے تربیتی اعتکاف میں کراچی کے مختلف علاقوں سمیت سندھ،بلوچستان، پنجاب،خیبرپختونخوا اور کشمیر کے مختلف شہروں سے عاشقان رسولؐ اعتکاف کی سعادت پارہے ہیں۔
فیضان مدینہ میں معتکف افراد کیلئے 24گھنٹے ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف موجود ہے ،کسی بھی قسم کی ایمرجنسی و ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ایمبولینس سروس اورفائر بریگیڈ کا بھی انتظام کیا گیا ہے ۔دعوت اسلامی کے تحت ہونے والا تربیتی اعتکاف طے شدہ جدول کے مطابق ہوگا جس میں نماز، تلاوت قرآن،ذکر واذکار،نفلی عبادت کے ساتھ ساتھ مختلف موضوعات پر سنتوں بھرے بیانات اور تربیتی حلقے لگائے جائیں گے ۔اس سنت اعتکاف میں مدنی مذاکرے کا سلسلہ روزانہ بعد نماز عصر اور بعد تراویح ہوگا جس میں امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کے سوالات کے جوابات دینگے۔