اسلحہ کی بین الصوبائی اسمگلنگ میں ملوث ملزم گرفتار

 اسلحہ کی بین الصوبائی اسمگلنگ میں ملوث ملزم گرفتار

رینجرزاورسٹی پولیس کی لیاری میں کارروائی،بھاری تعداد میں اسلحہ برآمدکرلیاگروہ اسلحہ مسافر بسوں کے ذریعے خیبر پختوانخوا سے کراچی اسمگلنگ کرتا ہے

کراچی(این این آئی)پاکستان رینجرزسندھ اور ڈسٹرکٹ سٹی پولیس نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے بغدادی لیاری سے اسلحہ کی بین الصوبائی اسمگلنگ میں ملوث ملزم عبدالمنان کو گرفتارکر لیا گیا۔گرفتار ملزم کے قبضے سے ایم 4 رائفل، 4 عدد پسٹل اور اضافی میگزین برآمد کرلی گئیں۔ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم کا تعلق اسلحہ کے بین الصوبائی اسمگلنگ میں ملوث ایک منظم گروہ سے ہے ۔ مذکورہ گروہ اسلحہ کی بین الصوبائی خریدوفروخت میں ملوث ہے ۔ گروہ غیرقانونی اسلحہ مسافر بسوں کے ذریعے خیبر پختوانخوا سے کراچی اسمگلنگ کرتے ہیں۔اسمگل شدہ اسلحہ کراچی منتقلی کے بعد اسٹریٹ کرمنلز اور دہشتگردوں کو فروخت کیے جانے کی معلومات بھی ملی ہیں۔ گرفتار ملزم نے انکشاف کیا ہے کہ گروہ کا سرغنہ سمیع آفریدی کے پی کے سے اسلحہ کی فراہمی اور غیرقانونی طریقے سے کراچی منتقلی میں ملوث ہے اور وہ گزشتہ کافی عرصے سے مذکورہ گروہ کے ساتھ کام کر رہا ہے ۔ملزم کا ایک ساتھی شہبازحسین اس سے قبل اسلحہ کی غیر قانونی اسمگلنگ کے جرم میں گرفتار ہو کر جیل جا چکاہے ۔ گرفتار ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتار ی کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔عوام سے اپیل ہے کہ جرائم کے خاتمے کے لیے ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔ آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں