گلشن حدید سے ماکھا گینگ کے تین ملزمان گرفتار
ملزمان عادی مجرم اور مختلف تھانوں میں متعدد مقدمات درج ہیں ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے ،سندھ رینجرز
کراچی(اسٹاف رپورٹر) گلشن حدید میں سندھ رینجرز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ماکھا گینگ کے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔دوسری جانب کراچی پولیس نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مختلف علاقوں میں کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے 896 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔تفصیلات کے مطابق گلشن حدید میں سندھ رینجرز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ماکھا گینگ کے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔رینجرز حکام کے مطابق گرفتار ملزمان میں حفیظ، علی حسن اور زوہیب ستو شامل ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے تین موبائل فون اور نقدی بھی برآمد کی گئی ہے۔ رینجرزحکام کا کہنا ہے کہ ملزمان شاہ لطیف ٹاؤن، پیپری، گکھڑ پھاٹک اور گلشن حدید کے علاقوں میں ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔
رینجرز کے مطابق گرفتار ملزم زوہیب ڈکیتی کی وارداتوں کے لیے پستول کرائے پر دینے میں بھی ملوث رہا ہے ۔حکام نے بتایا کہ گرفتار ملزمان عادی مجرم ہیں اور ان کے خلاف مختلف تھانوں میں متعدد مقدمات درج ہیں جبکہ ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔دوسری جانب ترجمان کراچی پولیس کے مطابق شہر بھر میں پولیس اور ملزمان کے درمیان گزشتہ ہفتے مجموعی طور پر 28 مقابلے ہوئے ، جن کے دوران 2 ڈکیت ہلاک جبکہ 28 زخمی ڈاکوؤں سمیت 41 ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔