اسمگل شدہ غیر ملکی شراب کی بڑی کھیپ برآمد
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ نے ڈی ایچ اے میں اسمگل شدہ غیر ملکی شراب کی بڑی کھیپ برآمد کرلی،بدر کمرشل کے قریب واقع ایک بنگلے میں اسمگل شدہ شراب کی موجودگی کے بارے میں اطلاع تھی۔
کسٹمز حکام کے مطابق ٹیم نے نشاندہی کردہ مقام پر کارروائی کرتے ہوئے بنگلے پر چھاپہ مارا۔کسٹمز ایکٹ 1969 کی دفعہ 163 کے تحت حاصل اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے بنگلے کی مکمل تلاشی لی گئی۔تلاشی کے دوران مختلف کارٹنز سے غیر ملکی شراب برآمد ہوئی ، شراب الماریوں اور کیبنٹس میں چھپا کر رکھی گئی تھی،مجموعی طور پر 725 بوتلیں غیر ملکی شراب اور وائن برآمد ہوئیں،برآمد شدہ سامان کو کسٹمز ایکٹ 1969 کی متعلقہ دفعات کے تحت باقاعدہ ضبط کر لیا گیا ہے۔