مسلم ممالک نام نہاد بورڈ آف پیس سے باہر نکلیں، لیاقت بلوچ

مسلم ممالک نام نہاد بورڈ آف پیس سے باہر نکلیں، لیاقت بلوچ

ایران پر حملے کے بعد امریکا کی امن کی یقین دہانی کی کوئی حیثیت باقی نہیں رہی ملک میں شفاف الیکشن، آئینی بالادستی، عدلیہ کی آزادی یقینی بنائی جائے ،خطاب

میرپور خاص (بیورورپورٹ) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ امت مسلمہ کے مسائل کا واحد حل اتحاد ہے اور قرآن و سنت کی بنیاد پر مشترکہ جدوجہد ہی کامیابی کی ضمانت بن سکتی ہے ،بعض مسلم ممالک ٹرمپ کی دعوت پر نام نہاد بورڈ آف پیس کا حصہ بنے ، تاہم یہ سب ایک دھوکہ ثابت ہوا۔ جماعت اسلامی میرپورخاص کے تحت مقامی ہال میں عید ملن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ امریکا نے امن کے نام پر فریب دیا اور کسی نتیجے پر پہنچنے کے بجائے ایران پر حملہ کر دیا، ایران کا قصورصرف یہ ہے کہ وہ دہائیوں سے اپنے نظام پر قائم ہے ، استعمار کے سامنے نہیں جھکا اور فلسطینیوں کی حمایت کرتا ہے ، ایران پر حملہ دراصل اسرائیل کی بلیک میلنگ کا نتیجہ ہے اور امریکا اس کا شکار ہوا ہے ، جبکہ امریکی سیاست اور قیادت صیہونی اثر میں ہونے کے باعث زوال کا شکار ہو رہی ہے ، ایران پر حملے کے بعد امریکا کی امن کی یقین دہانی کی کوئی حیثیت باقی نہیں رہی اور عالم اسلام کے حوالے سے اس کا رویہ کھل کر سامنے آ چکا ہے ۔ انہوں نے مسلم ممالک پر زور دیا کہ نام نہاد بورڈ آف پیس جیسے دھوکوں سے باہر نکلیں اور اپنے اتحاد کو مضبوط کریں۔ انہوں نے کہا ملک سیاسی بحران کا شکار، جمہوری ادارے کمزور ہو رہے ہیں ،عوام کے مینڈیٹ کا احترام ضروری ہے ۔ انہوں نے شفاف انتخابات، آئین کی بالادستی اور عدلیہ کی آزادی پر زور دیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں