گیس کا بحران شدت اختیار کر گیا،چولہے ٹھنڈے،شہری مہنگی ایل پی جی خریدنے پر مجبور
متاثرہ علاقوں میں لائنزایریا،ناظم آباد،کورنگی ،خداداد کالونی،شاہ فیصل،پی آئی بی ،ملیر ، ماڈل کالونی اور گلشن حدید سمیت متعدد علاقے شامل ، اخراجات کیسے پورے کریں ،شہری
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)بارش کے بعد بجلی کی فراہمی میں تعطل کے ساتھ گیس کا بحران بھی شدت اختیار کرگیاجس کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں گیس کی سپلائی معطل ہوگئی ۔متاثرہ علاقوں میں لائنزایریا،ناظم آباد،کورنگی ،خداداد کالونی،شاہ فیصل،پی آئی بی ،ملیر ، ماڈل کالونی اور گلشن حدیدفیز ٹوسمیت متعدد علاقے شامل ہیں جہاں گیس کی عدم دستیابی کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ خاص طور پر گھریلو صارفین کو کھانا پکانے اور دیگر ضروریاتِ زندگی کیلئے شدید پریشانی اٹھانا پڑ رہی ہے ۔ گھریلو خواتین کیلئے کھانا پکانا ایک مستقل ذہنی دباؤ بن چکا ہے ۔گیس کی بندش سے گھریلو خواتین، پکوان ہاؤس،دودھ فروشوں،مٹھائی اور کنفیکشنری بنانے والوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ شہری مہنگی ایل پی جی خریدنے پر مجبور ہیں جو پہلے ہی مہنگائی کے ستائے ہوئے بجٹ پر ایک اضافی بوجھ ہے ۔ ایل پی جی کے بڑھتے استعمال نے نہ صرف گھریلو اخراجات میں اضافہ کیا ہے بلکہ حفاظتی خدشات بھی پیدا کیے ہیں کیونکہ غیر معیاری سلنڈرز اور ناقص تنصیبات حادثات کا باعث بن سکتی ہیں۔شہریوں نے صورتحال پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہیہاڑی دار مہنگی ایل پی جی ڈلوائے گا تو باقی اخراجات کیسے پورے ہوں گے ، بیشتر علاقوں میں یا تو زیادہ تر دن کے اوقات میں گیس غائب رہتی ہے ، یا بہت کم پریشر کے ساتھ گیس میسر ہوتی ہے ۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایس ایس جی سی کے اس رویہ کے خلاف فوری ایکشن لیتے ہوئے کارروائی عمل میں لائی جائے ۔