بڑے اسپتالوں تک جانیوالی سڑک تباہ حال،مریضوں اور ایمبولینسز کو شدید مشکلات

بڑے اسپتالوں تک جانیوالی سڑک تباہ حال،مریضوں اور ایمبولینسز کو شدید مشکلات

بارش کے باعث گڑھے پڑگئے ،شارع فیصل سے امراض قلب اورصحت اطفال کے قومی اداروں، جناح ودیگراہم اسپتالوں تک ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر،فوری مرمت کی جائے ،شہری

کراچی(سٹی ڈیسک)شارع فیصل سے جناح اسپتال کی جانب جانے والی روڈ شدید مسائل کا شکار ہے جس کے باعث مریضوں، ایمبولینسز اور شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ علاقہ مکینوں اور شہریوں کے مطابق ہر بارش کے بعد اس سڑک پر پانی جمع ہونا معمول بن چکا ہے ، تاہم حالیہ بارشوں کے بعد صورتحال مزید خراب ہوگئی۔ سڑک پر نہ صرف پانی کھڑا ہوا بلکہ جگہ جگہ گہرے گڑھے بھی بن گئے جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے ۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ روڈ کے اطراف متعدد ہوٹلز، میڈیکل اسٹورز اور کار پارکنگ موجود ہیں جس کے باعث یہاں ٹریفک پہلے ہی دباؤ کا شکار رہتی ہے ، اب پانی جمع ہونے اور سڑک کی ٹوٹ پھوٹ نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ۔شہریوں کے مطابق یہی وہ مرکزی راستہ ہے جس کے ذریعے روزانہ سینکڑوں مریض، ایمبولینسز اور ان کے اہلِ خانہ جناح اسپتال،قومی ادارہ برائے امراض قلب اور بچوں کے سرکاری اسپتال سمیت دیگر اسپتالوں تک پہنچتے ہیں، ایسی صورتحال میں ٹریفک جام اور سڑک کی خراب حالت صرف پریشانی کا باعث نہیں بلکہ بعض اوقات مریضوں کیلئے جان لیوا تاخیر کا سبب بھی بن سکتی ہے ۔شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری بنیادوں پر سڑک سے پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا جائے ، گڑھوں کی مرمت کی جائے اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے عارضی انتظامات کیے جائیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس مسئلے کا مستقل حل نکالا جائے تاکہ ہر بارش کے بعد یہی صورتحال دوبارہ پیدا نہ ہو۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں