ٹریفک حادثات:3سالہ بچی سمیت 2جاں بحق، 3 خواتین زخمی
لانڈھی مجید کالونی میں ٹرک کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار چل بسا، ڈرائیورگرفتاررواں سال 295 افراد لقمہ اجل بنے ، 100 کی ذمہ دار ہیوی گاڑیاں نکلیں
کراچی(اسٹاف رپورٹر)مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات کے نتیجے میں 3سالہ بچی سمیت دو افراد جاں بحق جبکہ 3 خواتین زخمی ہوگئیں۔تفصیلات کے مطابق لانڈھی مجید کالونی میں ٹرک کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار شخص جاں بحق ہوگیا جاں بحق شخص کی شناخت سید کریم ولد مصور علی کے نام سے ہوئی۔پولیس کے مطابق جاں بحق شخص کی نعش کو ضابطے کی کارروائی کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا ۔ قائدآباد پولیس نے بروقت کارروائی کرکے حادثے کے ذمہ دار ٹرک کے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا۔پولیس نے مزدا نمبری جے وائے 5387 کو ضابطے کے تحت قبضہ پولیس میں لے لیا۔ مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے ۔ادھر سائٹ ایریا لیبر اسکوائر کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے رکشہ الٹ گیا، حادثے میں رکشے میں سوار تین خواتین اور بچی زخمی ہوگئے ۔ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کو سول اسپتال ٹراما سینٹر منتقل کردیاگیا جہاں 3 سالہ فرحانہ دوران علاج دم توڑ گئی۔رواں سال کے ساڑھے 3 ماہ کے دوران جان لیوا خونی ٹریفک حادثات میں مجموعی طور پر 295 افراد زندگی سے محروم جبکہ 3 ہزار 205 افراد زخمی ہوئے ۔اعداد و شمار کے مطابق ہیوی گاڑیوں سے پیش آنے والے دلخراش ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 100 ہوگئی جس میں سب سے زیادہ 46 جان لیوا ٹریفک حادثات کا ذمہ دار ٹریلر نکلا۔