مویشی منڈی میں گہما گہمی ،جانور 25 ہزار سے متجاوز
ٹنڈو آدم کے بکروں کی انٹری، خریداروں اوربیوپاریوں کی بھرپور دلچسپی سیکیورٹی، پانی و پارکنگ سہولتوں سے شہریوں کا اعتماد بڑھ گیا،ایڈمنسٹریٹر
کراچی (این این آئی)ناردرن بائی پاس پر قائم عوام دوست مویشی منڈی میں عیدِ قربان کی گہما گہمی عروج پر پہنچ چکی ہے ۔ملک بھر سے گائے ، بیل اور بکروں کی آمد کے بعد جانوروں کی مجموعی تعداد 25 ہزار سے تجاوز کرگئی۔منڈی میں بیوپاریوں کے اطمینان اور خریداروں کی دلچسپی کے باعث رونقیں بحال ہیں۔ تفصیلات کے مطابق مویشی منڈی کے مارشیلنگ ایریا میں ہر گھنٹے بعد بڑے ٹریلرز کے ذریعے دن رات جانوروں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے ۔ بیوپاریوں نے اپنے من پسند بلاکس میں پلاٹ بک کروا کر جانور اتارنا شروع کر دیے ۔ ٹنڈو آدم کے بیوپاری غلام نبی گلابی، کاموری، سندھی اور ٹابرا نسل کے انتہائی خوبصورت اور صحت مند بکرے لے کر منڈی پہنچاہے ۔
غلام نبی کا کہنا ہے کہ وہ اعلی نسل کے جانورلایاہے ، امید ہے کہ خریداروں کی جانب سے اچھی قیمت ملنے پر انہیں فروخت کرے گا۔ایڈمنسٹریٹر طارق تنولی نے بتایا کہ بیوپاریوں اور خریداروں کی سہولت کیلئے انتظامیہ نے مثالی اقدامات کیے ہیں، جانوروں کے لیے چوبیس گھنٹے پانی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنایا جارہا ہے ۔بڑے جانور کو 30 لٹر اور چھوٹے جانور کو 8 لٹر پانی روزانہ مفت فراہم کیا جاتا ہے ۔شہریوں کی سہولت کیلئے منڈی میں 200 ایکٹر رقبے پر قائم محفوظ پارکنگ، اسٹریٹ لائٹس کی روشنی اور جدید فوڈ اسٹریٹ قائم کی جاچکی ہے جہاں معیاری کھانے دستیاب ہیں۔ ایڈمنسٹریٹر کا مزید کہنا تھا کہ سیکیورٹی اور دیگر سہولتوں کے باعث خریداروں کا اعتماد بڑھ رہا ہے۔