محراب پور:سی آئی اے حراست میں مبینہ تشدد، ملزم جاں بحق

محراب پور:سی آئی اے حراست میں مبینہ تشدد، ملزم جاں بحق

مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا، ذرائع، مقصود چانڈیو کودل کا دورہ پڑا، پولیسٹھری میرواہ میں گروہی تصادم، نوجوان ہلاک، ایک نوجوان نے خودکشی کرلی

محراب پور(نمائندہ دنیا)سی آئی اے پولیس کی حراست میں ملزم مبینہ تشدد سے جاں بحق ہوگیا، اسپتال ذرائع کے مطابق نوجوان کو مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا، سول اسپتال نوشہرو فیروز میں مقتول کے ورثاء نے احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ مٹھیانی اور سی آئی اے پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے گاؤں لیٹ نگر چانڈیو میں گھرپر چھاپہ مار کر مقصود چانڈیو کو گرفتار کیا تھا، جو سی آئی اے پولیس نوشہرو فیروز کی حراست میں تھا، ابھی پولیس نے ہمیں اطلاع دی کہ حرکت قلب بند ہونے سے موت ہوئی، سی آئی اے پولیس نے تشدد کرکے مقصود چانڈیو کی جان لی ہے ، پولیس پر ہمیں اعتماد نہیں اس لئے مجسٹریٹ کی زیر نگرانی مقصود چانڈیو کا پوسٹ مارٹم کرایا جائے ۔ بصورت دیگر احتجاج بڑھایا جائے گا ۔ دوسری جانب ٹھری میر واہ تھانے کی حدود گاؤں محب علی خاص خیلی میں خاص خیلی برادری کے دو گروپوں میں تصادم ہوگیا جس میں کلہاڑیاں اور ڈنڈے چل گئے ، جس کے نتیجے میں اوشاق علی ولد صفت علی خاص خیلی جاں بحق ہوگیا، دریں اثنا کوٹری کبیر چوکی کی حدود شہر میں ظفر علی ولد الطاف سولنگی نے غربت اور بیروزگاری سے تنگ آکر زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کرلی، پولیس کے مطابق لاش ضروری کارروائی کے بعد ورثاء حوالے کر دی ہے پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں