پی پی ایل گمبٹ ساؤتھ فیلڈ سے تیل چوری کا عدالتی نوٹس

پی پی ایل گمبٹ ساؤتھ فیلڈ سے تیل چوری کا عدالتی نوٹس

زمیندار بلاول وسان کی درخواست پر ایف آئی اے کو مکمل تحقیقات کا حکم دیدیاکمپنی کا اسکریپ بھی بغیر کسی ٹینڈر ملی بھگت سے بیچا جارہا ہے ، درخواست گزار

شہداد پور (نمائندہ دنیا)گاؤں جان محمد وسان کے رہائشی مقامی زمیندار بلاول وسان نے وکیل آغا جمشید احمد کے توسط سے سیشن جج سانگھڑ کی عدالت میں 22-اے کے تحت ایک درخواست دائر کی تھی، جس کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ پی پی ایل گمبٹ ساؤتھ سے بڑے پیمانے پر خام تیل چوری کیا جا رہا ہے ، جبکہ کمپنی کی حدود میں موجود قیمتی اسکریپ کو بھی کسی قانونی نیلامی یا ٹینڈر کے بغیر ملی بھگت سے بیچا جا رہا ہے ۔ زمیندار نے انکشاف کیا کہ جب انہوں نے اس کرپشن اور حقائق کو بے نقاب کرنے کی کوشش کی تو انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جانے لگیں۔ درخواست گزار کے مطابق کمپنی کے ایڈمن منیر احمد سیال، ٹیکنیشن عابد لسکانی، دانش کامران، ہیلپر راشد انور، سکیورٹی انچارج ریٹائرڈ میجر بلال احمد اور سپروائزر فاروق احمد انہیں جان سے مارنے اور منشیات سمیت دیگر جھوٹے مقدمات میں پھنسانے کی دھمکیاں دے رہے ہیں، جبکہ سادہ لباس اہلکار بھی مسلسل ہراساں کر رہے ہیں۔ عدالت نے معاملے کی سنگینی کا جائزہ لیتے ہوئے ایف آئی اے نوابشاہ اور حیدرآباد کمپوزٹ سرکل کی اب تک کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور متعلقہ حکام کو سختی سے حکم دیا کہ وہ اس پورے معاملے کی فوری اور شفاف تحقیقات کر کے تفصیلی رپورٹ عدالت میں پیش کریں۔ قانونی کارروائی شروع ہونے کے بعد پی پی ایل انتظامیہ اور تیل چوری میں ملوث بااثر عناصر میں کھلبلی مچ گئی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں