جامعہ کراچی سے دن دہاڑے قربانی کے بکرے چوری
کراچی(این این آئی)جامعہ کراچی کے رہائشی علاقے میں چوری کی بڑھتی ہوئی وارداتوں نے انتظامیہ کی کارکردگی پر بڑے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
تازہ واقعے میں دن دہاڑے قربانی کا بکرا چوری کر لیا گیا، جس کی ویڈیو بھی سامنے آ گئی ہے ، جس میں ملزم کو باآسانی فرار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے ۔ذرائع کے مطابق صرف اپریل کے مہینے میں 8 سے 10 قربانی کے بکرے چوری ہو چکے ہیں، جبکہ اس سے قبل موٹر سائیکل، بجلی کے تار اور گاڑیوں کی بیٹری چوری کی متعدد وارداتیں بھی رپورٹ ہو چکی ہیں۔ اس کے باوجود جامعہ انتظامیہ کی جانب سے موثر اقدامات نہ کیے جانے پر رہائشی ملازمین میں شدید تشویش پائی جاتی ہے ۔متاثرہ افراد نے بتایا کہ انہوں نے بارہا جامعہ کے اعلی حکام، رجسٹرار اور سکیورٹی ایڈوائزر کو درخواستیں دیں، مگر کوئی عملی کارروائی سامنے نہیں آئی۔ رہائشیوں نے اس صورتحال کو انتظامی ناکامی قرار دیا ہے۔