حیدرآباد:نادہندہ بلڈرز،ڈیولپرز کیخلاف کریک ڈاؤن کا آغاز
بوگس چیک دینے والے بلڈرز کیخلاف لینڈ ریونیو ایکٹ کے تحت مقدمات کا اندراج ڈی جی ایچ ڈی اے کی واجبات ادا نہ کرنیوالے بلڈرزکا این او سی منسوخ کرنیکی ہدایت
حیدرآباد (بیورو رپورٹ) ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات حیدرآباد ڈاکٹر افشاں رباب سید نے نادہندہ بلڈرز/ ڈیولپرز کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا، بوگس چیک دینے والے بلڈرز کے خلاف لینڈ ریونیو ایکٹ کے تحت ایف آئی آر کا اندراج شروع ۔ میڈیا سیل ایچ ڈی اے کے اعلامیہ کے مطابق ڈاکٹر افشاں رباب سید گزشتہ روز پی اینڈ ڈی سی ریکوری کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر رہی تھیں ، جس میں سیکریٹری ، ایچ ڈی اے ڈائریکٹر P&DC اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔ ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ کنٹرول نے ریکوری کی موجودہ صورتحال ، بلڈرز پر واجب الادا ایکسٹرنل ڈیولپمنٹ چارجز ، این او سی فیسوں اور دیگر واجبات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈائریکٹر جنرل نے ایچ ڈی اے کو قانونی واجبات کی مد میں بلڈرز کی جانب سے بوگس چیکس کی فراہمی پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے ایسے بلڈرز کے خلاف لینڈ ریونیو ایکٹ اور سی آر پی سی کے تحت ایف آئی آر درج کرانے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے متعدد نوٹسز اور بار بار یاددہانی کے باوجود ایکسٹرنل ڈیویلپمنٹ چارجز اور دیگر واجبات ادا نہ کرنے والے بلڈرز کے این او سی منسوخ کرنے سمیت دیگر قانونی کارروائی مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔ جبکہ نادہندہ بلڈرز کے دفتری کیسز اور فائلوں پر کام فوری طور پر روک دیا گیا ۔ ڈائریکٹر جنرل نے ریکوری نظام مکمل طور پر شفاف اور جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے بھی احکامات جاری کئے ۔