لاڑکانہ :3اشتہاری ڈاکوؤں نے پولیس کے سامنے سرنڈر کردیا
مظفر جتوئی، ثنا اﷲ ،عبدالرحمن جتوئی سنگین نوعیت کے متعدد مقدمات میں نامزد تھےخود کو قانون کے سامنے پیش کرنیوالے کسی ملزم سے زیادتی نہیں ہوگی،ایس ایس پی
لاڑکانہ (بیورورپورٹ) لاڑکانہ شہر اور کچے کے اندر جرائم میں ملوث کچے کے لالانی جتوئی گینگ سے تعلق رکھنے والے 3 اشتہاری ڈاکوؤں نے پولیس کے سامنے پیش ہوکر گرفتاری دے دی۔ اس حوالے سے ایس ایس پی لاڑکانہ احمد فیصل چودھری نے بتایا کہ لاڑکانہ پولیس کی جانب سے جرائم پیشہ افراد کے خلاف حالیہ دنوں مسلسل کارروائیوں، پولیس کے دباؤ اور مؤثر حکمت عملی کے نتیجے میں 3 اشتہاری ڈاکوؤں نے پولیس کے سامنے پیش ہوکر گرفتاری دے دی ہے ، جن میں مظفر جتوئی، ثنا اﷲ جتوئی اور عبدالرحمن جتوئی شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تینوں ڈاکو قتل و غارت گری اور ڈکیتیوں جیسے سنگین نوعیت کے متعدد مقدمات میں نامزد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ ڈاکو عاقل پیر شیر کے کچے والے علاقے سمیت لاڑکانہ شہر کے اندر جرائم میں ملوث ہیں۔ ایس ایس پی لاڑکانہ احمد فیصل چودھری نے کہا کہ یقین دلاتے ہیں سرنڈر کرنے والے اور خود کو قانون کے سامنے پیش کرنے والے کسی بھی ملزم سے کوئی زیادتی نہیں ہونے دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے سامنے خود کو پیش کرنے والے ملزم صرف پہلے سے درج مقدمات کا سامنا کریں گے اور ان کے خلاف مزید کوئی مقدمہ درج نہیں جا ئے گا۔