گھوٹکی:قتل کے ملزموں،منشیات فروشوں سمیت 4گرفتار

گھوٹکی:قتل کے ملزموں،منشیات فروشوں سمیت 4گرفتار

اے سیکشن پولیس کی کارروائیاں، ملزموں سے منشیات، اسلحہ اور رقم برآمد ہوئی

گھوٹکی (نمائندہ دنیا) ضلع گھوٹکی میں پولیس نے جرائم پیشہ عناصر اور منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے مختلف مقامات پر کامیاب آپریشن کیے ہیں، اس دوران منشیات فروشوں سمیت قتل کیس میں مطلوب خطرناک ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا۔اے سیکشن پولیس نے لنک روڈ ماتھیلو کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ملزم محمد یامین عرف قالو کو 250 گرام چرس سمیت، جبکہ عادلپور کے قریب دوسری کارروائی ملزم صدام حسین کو 600 گرام چرس سمیت گرفتار کرلیا ۔ دونوں ملزموں سے چاقو اور رقم بھی برآمد ہوئی۔ ملزموں کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی۔ دوسری جانب پولیس نے خفیہ اطلاع پر بس ٹرمینل کے قریب چھاپہ مار کر قتل کیس میں مطلوب دو ملزم گرفتار کرلئے ، جن سے پستول اور متعدد گولیاں بھی برآمد ہوئیں۔پولیس حکام کے مطابق کارروائی 24 اپریل کو پیش آنے والے قتل کیس کی تفتیش کے سلسلے میں عمل میں لائی گئی۔ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران کی ہدایت پر ضلع بھر میں منشیات فروشوں، اشتہاری اور روپوش ملزموں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا گیا ہے ۔ ایس ایس پی نے کامیاب کارروائیوں پر پولیس پارٹی کو شاباش دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ جرائم کے خاتمے کے لیے ایسی کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھی جائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں