گراں فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن، 2دکانیں سربمہر

گراں فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن، 2دکانیں سربمہر

154دکانداروں کے خلاف کارروائی، 3 لاکھ 83 ہزار روپے جرمانہ عائدکمشنر کی ناجائز منافع خوری پر کارروائی ،سرکاری نرخ نافذ کرنے کی ہدایت

کراچی(اسٹاف رپورٹر )انتظامیہ کی گراں فروشوں کے خلاف مہم جاری ہے ۔ کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو سرکاری نرخوں کے نفاذ کی مہم کو مؤثر بنانے کیلئے متحرک کردار ادا کر نے کی ہدایت کی ہے ۔ کمشنر نے ڈپٹی کمشنرز سے کہا کہ وہ ناجائز منافع خوروں کے خلاف بلا رعایت کارروائی کریں۔ یقینی بنائیں کہ سرکاری نرخ سختی سے نافذ ہوں ۔کمشنر آفس نے منافع خوری کے خلاف جاری مہم میں کی جانے والی کارروائیوں کی رپورٹ جاری کی جس کے مطابق تمام اسسٹنٹ کمشنرز نے منگل کو امتحانی مراکز کے معائنہ اور تجاوزات کے خاتمہ کی کارروائیوں کے ساتھ اشیائے خور ونوش کی قیمتیں بھی چیک کیں۔ مجموعی طور پر ایک روز میں 154 گراں فروشوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ کارروائی میں 3 لاکھ 83 ہزار روپے جرمانہ، دو دکانیں سیل کی گئیں۔ ضلع وسطی میں 54 گراں فروشوں کے خلاف ایک لاکھ 4 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ۔ شرقی میں 16 گراں فروشوں پر 56 ہزار روپے ،ضلع کیماڑی میں 19 گراں فروشوں پر 31 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ دو دکانیں سیل کی گئیں۔ضلع کورنگی میں میں 16 گراں فروشوں پر 46 ہزار روپے ،ضلع ملیر میں 10 گراں فروشوں پر 35 ہزار روپے ، جنوبی میں 32 گراں فروشوں پر ایک لاکھ دو ہزار روپے اور غربی میں 7 گراں فروشوں پر 7 ہزار 800 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں