آباد کا اراضی واگزار کرانے کے لئے ایک ہفتے کا الٹی میٹم

آباد کا اراضی واگزار کرانے کے لئے ایک ہفتے کا الٹی میٹم

عدالتی احکامات پر عمل نہ ہوا تو متاثرہ زمینوں پر جا کر پریس کانفرنس کریں گے

کراچی(رپورٹ :حمزہ گیلانی)ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد)کے چیئرمین حسن بخشی نے کراچی میں بلڈرز اور ڈیولپرز کی زمینوں پر مبینہ قبضوں کے خلاف شدید ردعمل دیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ایک ہفتے کی مہلت دے دی ۔انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر عدالتی احکامات کے باوجود قبضہ شدہ اراضی واگزار نہ کرائی گئی تو آباد متاثرہ زمینوں پر جاکر پریس کانفرنس کرے گی اور معاملہ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کے سامنے بھی اٹھایا جائے گا۔چیئرمین آباد حسن بخشی نے دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں بلڈرز اور تعمیراتی شعبے سے وابستہ افراد کی زمینوں پر غیر قانونی قبضوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے جبکہ عدالتی احکامات کے باوجود متعلقہ ادارے عملدرآمد کرانے میں ناکام دکھائی دے رہے ہیں۔ آباد کی جانب سے مختلف سرکاری اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو متعدد خطوط ارسال کیے گئے تاہم اب تک کوئی مؤثر کارروائی سامنے نہیں آئی،اگر ایک ہفتے کے اندر قبضہ مافیا کے خلاف عملی اقدامات نہ کیے گئے تو آباد متاثرہ مقامات کا دورہ کرے گی اوروہیں سے تفصیلی پریس کانفرنس کرکے تمام صورتحال قوم کے سامنے رکھی جائے گی۔ دوسری جانب انہوں نے بتایا کہ حالیہ دنوں چین کے ایک اعلیٰ سطح وفد کے ساتھ آباد کی اہم ملاقات طے پائی ہے جس میں رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں جوائنٹ وینچر اور سرمایہ کاری کے امکانات پر بات چیت ہوگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں